اسلام آباد/ بریڈفورڈ (عارف چودھری )
جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام یوم شہدا کشمیر پر بین الاقوامی پارلیمانی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس میں میرواعظ مولانا محمد فاروق شہید کی برسی پر دیگرکشمیری رہنما خواجہ عبدالغنی لون شہید، چیئرمین تحریک حریت محمد اشرف صحرائی شہید کو تحریک آزادی کیلیے خدمات اور عظیم قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیا گیا، بین الاقوامی پارلیمانی کانفرنس میں پاکستان کے ممبران پارلیمنٹ کے علاوہ برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان، انسانی حقوق کے نمائندوں، بین الاقوامی امور کے ماہرین نے بھی شرکت کی، بین الاقوامی پارلیمانی کانفرنس کی صدارت راجہ نجابت حسین چیئر مین جے کے ایس ڈی ایم آئی نے کی، مہمان خصوصی پاکستانی پارلیمنٹ میں چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی ایم این اے اور وفاقی وزیر برائے خوراک تحفظ و تحقیق سید فخر امام مہمان خصوصی تھے۔ کانفرنس سے مقررین نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں کو کشمیریوں کے حقوق کی بحالی اور بھارتی پرتشدد کارروائیوں کو رکوانا ہو گا، کشمیری شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں انہوں نے اپنے جائز حق کے لیے قربانیاں دیں،۔ بھارت نے کالے قوانین کے تحت کشمیریوں کو جیل میں بند کر رکھا ہے۔ جیلوں میں قید کشمیری رہنماں، حریت پسندوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، کشمیر میں بھارتی اقدامات انسانیت سوز ہیں۔ اشرف صحرائی کی طرح جیلوں میں قید کشمیریوں کی لاشیں نکل رہی ہیں، عالمی برادری، انسانی حقوق کے ادارے کشمیر کی صورتحال کا فوری نوٹس لے کر بھارتی جیلوں میں قید کشمیریوں کو رہائی دلوائیں۔ کشمیری رہنما راجہ نجابت حسین نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قید کشمیریوں کو تہاڑ جیل منتقل کیا جارہا ہے۔ تہاڑ جیل میں تیزی سے کرونا پھیل رہا ہے۔ دنیا کشمیریوں کو انسان سمجھے اور کشمیر میں انسانیت سوز سلوک کا فوری نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کشمیر اور جیلوں اور گھروں میں قید کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ اس موقع پر بین الاقوامی پارلیمانی کانفرنس سے سینیٹر مشاہد حسین سید چیئرمین امور خارجہ کمیٹی، کشمیری نژاد پاکستانی ممبر سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی، نورین فاروق ابراہیم ایم این اے ممبر کشمیر کمیٹی پاکستانی، محترمہ کنول شوذب ایم این اے، برطانوی پارلیمنٹیرینز شیڈو منسٹر بیرسٹر یاسمین قریشی ایم پی چیئر پرسن پارلیمنٹری پاکستان گروپ، برطانیہ کے سابق وزیر خارجہ ٹونی لائیڈ ممبر، شیڈو وزیر ایم پی ناز شاہ، ایم پی اینڈریو گیوین چیئرمین لیبر فرینڈ آف کشمیر برطانیہ، لیبر پارٹی کی سابق ممبر یورپین پارلیمنٹ جولی وارڈ، کنزرویٹو ایم پی مائیک ووڈ، لارڈ قربان حسین سکریٹری اے پی جی، رفاہ انسٹی ٹیوٹ برائے پالیسی اسٹڈیز اسلام آباد سے ڈاکٹر راشد آفتاب، محمد احسن اونٹو چیئرمین برائے انصاف اور انسانی حقوق جموں و کشمیر، حریت رہنما عبدالحمید لون، شبیر احمد تانترے، مس کنول حیات ہیومن رائٹس ایکٹیویسٹ، ڈاکٹر سعدیہ خان، کاشف کمبوہ اور عبید الرحمن قریشی صدر یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان، جبکہ ویڈیو کے ذریعے پیغامات میں شیڈو وزیر بیرسٹر عمران حسین، ایم پی سینئر وائس چیئرمین اے پی پی جی، شیڈو ڈپٹی لیڈر افضل خان ایم پی، لارڈ واجد خان، ایم پی پال برسٹو، ایم پی جیمز ڈیلی، ایم پی محمد یسین اور دیگر نے شرکت کی۔.
