عام آدمی کی ویلفیئر کیلئے آئینی اختیارات اورقومی وسائل کی نچلی ترین سطح تک منتقلی ناگزیر ہے
لندن (عارف چودھری)
پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ پی ایس پی کی مجوزہ 3 آئینی ترامیم سے ملک میں سیاسی ومعاشی استحکام آئے گااورجمہوریت دوام پائے گی۔عام آدمی کاریاستی نظام پراعتماد بحال اوراس کامورال بلندکرنے کیلئے آئینی اختیارات اورقومی وسائل کی نچلی ترین سطح تک منتقلی ناگزیر ہے۔ حکومت ہمارے قائدسیّد مصطفی کمال کے ویژن کی روشنی میں اصلاحات کرے ورنہ منتخب ایوانوں میں ضمیر کے سودے ہوتے رہیں گے۔ اپنے ایک بیان میں چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ جب تک وزیر اعظم اور چاروں وزرائے اعلیٰ سے اختیارات اور وسائل نچلی ترین سطح تک منتقل نہیں ہوتے اور جب تک قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں عوام کی ویلفیئر کیلئے قانون سازی نہیں ہو تی اس وقت تک موجودہ سیاسی وانتظامی ڈیڈ لاک برقرار رہے گا۔ پی ایس پی کی تجویز کردہ آئینی ترامیم کے بعد ارکان اسمبلی کو عوام کے ساتھ دھوکا کرنے اورترقیاتی فنڈز میں نقب لگانے کا جوازنہیں ملے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر قوم نے ہماری قیادت کواپنی خدمت کیلئے منتخب کیا تو پی ایس پی کے ارکان پارلیمنٹ اپنے اس سیاسی اتحادی کا غیر مشروط اور بھرپور ساتھ دیں گے جو سیّد مصطفی کمال کی پیش کردہ تین اہم آئینی ترامیم کی منظوری کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرے گا۔ان ترامیم میں ناصرف کراچی سے کشمیر تک کے عوامی مسائل کا پائیدار حل ہے بلکہ ان آئینی ترامیم میں پاکستان کی بقاءاورپاکستانیوں کی بہبود کاراز پنہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پار ٹی ملک بھر کے دیرینہ وپیچیدہ مسائل کے حل کیلئے اپنی مجوزہ تین آئینی ترامیم کو ناگزیر سمجھتی ہے۔ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کو بلدیاتی انتخابات سے مشروط کیا جائے تاکہ ملک میں ہمیشہ بلدیاتی نظام موجود رہے، این ایف سی ایوارڈ کی طرح پی ایف سی ایوارڈ کا اجراء یقینی بنانے کیلئے وفاق سے اضلاع کوان کی رقم براہِ راست منتقل کی جائے اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی طرح آئین میں درج کئے جائیں۔