


لندن:(عارف چودھری)قرارداد پاکستان کی 82ویں سالگرہ کے موقع پر آج پاکستان ہائی کمیشن لندن میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چارج ڈی افیئرز ڈاکٹر فیصل عزیز احمد نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ تقریب میں پاکستانی نژاد برطانوی دوستوں اور پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں چارج ڈی افیئرز ڈاکٹر فیصل عزیز احمد نے برطانوی پاکستانیوں کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کی اور قرار داد پاکستان کو تحریک پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم موڑ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940 نہ صرف ہماری قومی جدوجہد آزادی اور خود ارادیت کے آغاز کا دن تھا بلکہ بحیثیت قوم ہماری قومی امنگوں کو پورا کرنے کے سفر کا بھی آغاز تھا۔ انہوں نے قائداعظم، علامہ اقبال اور دیگر بانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنے غیر متزلزل عزم اور دور اندیش قیادت کے ذریعے پاکستان بنایا۔
چارج ڈی افیئرز نے کہا کہ مشکل چیلنجز کے باوجود پاکستان ایک ترقی پسند اور جمہوری ملک کے طور پر آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ایک ذمہ دار رکن، عالمی امن ساز اور پورے خطے میں ایک جیو اکنامک حب کے طور پر اعتماد اور یقین کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔ ڈاکٹر فیصل عزیز احمد نے کہا کہ عالمی معاملات میں کشمکش اور غیر یقینی صورتحال کے ان لمحات میں پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج اصولوں پر پختہ یقین کے ساتھ امن، مساوات اور انصاف کے لیے کھڑا ہے۔
انہوں نے خاص طور پر بھارتی قابض افواج کی طرف سے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل استثنیٰ کے ساتھ کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان-برطانیہ تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے چارج ڈی افیئرز نے کہا کہ دونوں ممالک متعدد ڈومینز اور متعدد سطحوں پر مستحکم دوست اور مضبوط شراکت دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ اس سال ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی، پاکستان کی 75ویں آزادی کی سالگرہ اور پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پائیدار دوستی کے 75 سال کے خوشگوار سنگم کا سال ہے۔ ڈاکٹر فیصل عزیز نے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے میں برطانیہ میں 16 لاکھ پاکستانیوں کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں موجودہ تعلقات کو اگلی سطح تک لے جانے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
تقریب کا کیک چارج ڈی افیئرز اور ان کی شریک حیات نے کاٹا جبکہ مقامی گلوکاروں نے مقبول قومی نغمے پیش کئے۔ برمنگھم، بریڈ فورڈ، گلاسگو اور مانچسٹر میں بھی پاکستان کے قونصل خانوں نے اسی طرح کی پرچم کشائی کی تقریبات کا اہتمام کیا۔