مسئلہ کشمیر کو امریکہ میں موثر انداز میں اُجاگر کرنے کےبعد یورپ میں بھی اجاگر کیا جائے گا۔سلطان محمود چوہدری

Spread the love

اسلام آباد/لندن رپورٹ چودھری عارف:صدرریاست آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو امریکہ میں موثر انداز میں اُجاگر کرنے کے بعد میں عنقریب برطانیہ اور یورپ کا دورہ کر کے وہاں پر بھی مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور بھارتی ریشہ دوانیوں کے خلاف بھرپور انداز میں آواز بلند کر کے بھارت کو دفاعی پوزیشن پر ڈالوں گا۔ لہذا دنیا بھر میں مقیم کشمیری اپنی سیاسی و سماجی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر عالمی سطح پر مسئلہ کشمیرکو اُٹھانے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں جموں وکشمیر حق خودارادیت موومنٹ کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کی قیادت میں ایک وفدسے تفصیلی ملاقات کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جموں وکشمیر حق خودارادیت موومنٹ کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کوبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جموں وکشمیر حق خودارادیت موومنٹ کے زیر اہتمام 10 دسمبر بروز ہفتہ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پوری دنیا میں انسانی حقوق کا ہفتہ منائے گی جس کی تقریبات کا آغاز آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کریں گے۔ اس موقع پر جموں وکشمیر حق خودارادیت موومنٹ کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کے ہمراہ وفد میں محمد شکیل عباسی، نینا ناصر علی اور کنول حیات شامل تھے۔ اس موقع پرصدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے راجہ نجابت حسین کو حکومت پاکستان کی طرف سے بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز اور پاکستان کے لیے خدمات پر ستارہ امتیاز کے سول ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے پر مبارکباد دی۔اس موقع پر جموں وکشمیر حق خودارادیت موومنٹ کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے برطانیہ میں اپنی مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کی کوششوں سے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو آگاہ کیا اور صدر ریاست کو برطانیہ کے دورے کی دعوت بھی دی اور بتایا کہ اُن کے اس دورے کے دوران صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو مختلف فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے حوالے سے دعوت دیں گے۔ اس موقع پر جموں وکشمیر حق خودارادیت موومنٹ کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو اُن کے کامیاب دورہ امریکہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیریوں کو آپ سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں لہذا جب آپ برطانیہ دورے پر تشریف لائیں گے تو وہاں پر ہم آپ کی برطانوی ممبران پارلیمنٹ، ممبران ہاؤس آف لارڈز اور دیگر فورمز پر ملاقاتیں کرا ئیں گے تاکہ آپ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیری عوام کا موقف جارحانہ انداز میں پیش کر سکیں۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے اور ہم عالمی سطح پر بھارت کے مکروہ عزائم کو بے نقاب کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھیں گے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور آواز اُٹھائیں گے۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے خواتین پر تشدد کے خلاف عالمی دن کے موقع پر کہا کہ خواتین انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف بہتر انداز میں آواز اُٹھا سکتی ہیں اور خواتین اس سلسلے میں اپنا موثر کردار ادا کریں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں