انٹر ویو لارڈمیئر جولائی 2023
(بیورو چیف اردو گلوبل صابرہ ںاہید)
صابرہ ناہید : اسلام و علیکم لارڈ میئر !
لارڈ میئر : وعلیکم اسلام !
صابرہ ناہید : لارڈ میئر سب سے پہلے تو میں اپنی طرف سے اور اپنی پوری ٹیم کی طرف سےآپ کو پہلی پاکستانی برٹش مسلم لارڈ میئر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں ۔
لارڈ میئر : بہت شکریہ اور میں آپ کو لارڈ میئر پارلر میں آمد پر خوش آمدید کہتی ہوں ۔
سوال : جی پہلے تو یہ بتائیے کہ لارڈ میئر بن کر آپ کیسا محسوس کر رہی ہیں؟
لارڈ میئر : مجھے لارڈ میئر بن کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے اور فخر محسوس کرتی ہوں۔ میں مانچسٹر کی 125 لارڈ میئر ہوں ۔ مانچسٹر بہت بڑا ہے کہ اس میں مختلف مذاہب ، مختلف کلچر اور مختلف ممالک سے آئے ہوئے لوگ شامل ہیں ۔ ان سب سے میرا رابطہ رہتا ہے جن سے مل کر اور ان کے مسائل حل کر کے مجھے دلی خوشی محسوس ہوتی ہے۔ اور فخر محسوس کرتی ہوں
سوال : لارڈ میئر آپ نے ابھی بتایا کہ آپ کو مختلف طبقوں اور رنگ ونسل کے لوگوں سے ملنے کا اتفاق ہوتا ہے تو کیا آپکو کسی خاص طبقے سے ملکر کوئی مشکل پیش آئی؟
لارڈ میئر : نہیں مجھے کبھی کوئی مشکل پیش نہیں آتی ۔ آپ کو تو معلوم کہ عرصہ دراز سے سیاست میں ہوں اور مجھے معلوم ہے کہ میں نے کس طرح سے کمیونٹی کو ملنا ہے ۔میں نے ہر کمیونٹی کے لوگوں کی تھوڑی بہت زبان سیکھی ہوئی ہے ۔ مثلا اگر میں اٹلی یا چین وغیرہ کے ملکوں کے لوگوں سے ملتی ہوں تو ان کی زبان میں ان کو خوش آمدید وغیرہ کہتی ہوں جس سے وہ لوگ بہت خوش ہوتے ہیں ۔ ویسے بھی ہر سیاستدان کو پتہ ہونا چاہیے کہ اسے ہر کسی سے کس طرح ملنا ہے جس سے وہ آپ سے متاثر ہوسکے۔
سوال : لارڈ میئر اپنے خاندانی پس منظر کے بارے میں کچھ بتائیں ؟
لارڈ میئر : میرے ننھیال اور ددھیال کا تعلق کشمیر سے ہے ۔ اور پھر وہ کشمیر سے ہجرت کر کے پاکستان آ گئے اور جہلم میں آباد ہو گئے ۔ میرے والد جہلم سے پھر انگلینڈ آ گئے اور (Doncaster) میں آباد ہو گئے اور میری پیدائش یہی ہوئی ۔ جب میں 4 سال کی ہوئی تو ہم مانچسٹر آگئے اور اسں وقت سے یہی پر ہیں ۔ ہم 7 بہن بھائی ہیں ۔ہم دو بہنیں اور 5 بھائی ہیں۔ لیکن یہاں یہ کہنا چاہوں گی کہ اب میرے 5 بھائی ہی نہیں ہیں دو سو ، تین سو اور بھی بن گئے ہیں ۔ کیونکہ ہر کسی کے ساتھ پیار محبت سے بات کرتی ہوں اور وہ بھی میری عزت کرتے ہیں۔
سوال : آپ کا بچپن کیسا گزرا ؟
لارڈ میئر : بچپن میں بہت ہی کھلنڈری سے ہوتی تھی ۔میرے چونکہ 5 پانچ بھائی تھے میں ان کے ساتھ مل کر ان ہی کی طرح کی حرکتیں کرتی تھی ۔ ان کے ساتھ مل کر فٹبال وغیرہ کھیلتی مگر جب تھوڑی بڑی ہوئی تو احساس ہوا کہ میں لڑکا نہیں بلکہ لڑکی ہوں تو پھر بالکل بدل گئی۔ پھر پڑھائی میں لگ گئی ۔ میری 2 بیٹیاں ہیں ایک ٹیچر ہے اور دوسری فنانس کمپنی میں کام کرتی ہے۔
سوال : آپ نے بتایا کہ آپ کی 2 بیٹیاں ہیں کیا آپ نے انھیں کبھی یہ نہیں کہا کہ وہ بھی سیاست میں آئیں ؟
لارڈ میئر : جی میں صرف بیٹیوں کو ہی نہیں بلکہ بہن بھائیوں کے بچوں کو بھی کہتی ہوں مگر جب وہ میری مصروف زندگی کو دیکھتے ہیں تو وہ صاف انکار کر دیتے ہیں۔ لیکن میری کوشش ہے کہ میں اپنی ایک بیٹی جس نے لاء اور ہیومن رائٹس میں ماسٹرز کیا ہے اس کو ضرور اس شعبے میں لاؤں۔
سوال : آپ یہاں کی پلی بڑی ہیں مگر آپ کی اردو خاصی اچھی ہے کیا آپ نے کسی سے سیکھی؟
لارڈ میئر : دراصل میرے امی ابو کی دوکان تھی اور اکثر وہاں جاتی رہتی تھی وہاں ہر طرح کے لوگ آتے تھے بس انھیں سن سن کر مجھے کچھ آگئی۔ میرے والدین کا بھی کہنا تھا کہ باہر تو انگریزی بولنی ہی ہے مگر گھر پر صرف اردو ہی بولیں۔
سوال : سیاست ایک بہت ہی چیلنجنگ کام ہے اور پھر ایک عورت کی سیاست ۔ اس سلسلے میں بطور خاتون آپ کو کن کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ؟
لارڈ میئر : آپ تو جانتی ہیں کہ اس معاشرے میں رہتے ہوئے آپ کو بہت سی مشکلات سے گزرنا پڑتا ہے مگر آپ کو کسی مشکل سے بھی گھبرانا نہیں چاہیے ۔ آپ اسی وقت کامیاب ہو سکتے ہیں جب ہمت اور حوصلے سے مردوں کے ساتھ شانہ بشانہ کام کریں اور ہر میدان میں چٹان کی طرح کھڑی ہوں ۔ میرے بھائیوں کو بھی چاہئے کہ وہ میانہ روی سے کام لیں ۔
سوال : آپ نے اپنے بھائی کو اپنا نائب بنایا اس کی کوئی خاص وجہ ؟
لارڈ میئر : دراصل میرا بھائی پہلے ہی کونسلر رہ چکا ہے اور تجربہ کار بھی ہے ۔ اس لئیے میں نے اسے چنا اور بھائی کے علاوہ بیٹی کو لیڈی میئر بھی منتخب کیا کہ اگر بھائی مصروف ہو تو بیٹی میرے ساتھ جا سکے ۔
سوال : آپ کے پاس لوگ مختلف کمیونٹیز کے لوگ اپنے مسائل لے کر آتے ہوں گے تو آپ کس طرح سے ان کی مدد کرتی ہیں ؟
لارڈ میئر : جی جب لوگوں آتے ہیں تو میں ان کی ہرممکن راہنمائی کرتی ہوں اور ان کے مسائل حل کرتی ہوں اور کبھی مجھے کسی بات کا علم نہ تو انہیں کہتی ہوں کہ میں اس کے متعلق معلومات حاصل کر کے آپ کو بتاؤں گی۔
سوال : آپ نوجوان نسل خصوصی طور پر خواتین کو کیا پیغام دینا چاہیں گی ؟
لارڈ میئر : میرا پیغام یہی ہے کہ آپ چاہے کسی بھی کمیونٹی ، کسی بھی طبقےسے یا کسی بھی رنگ و نسل سے ہوں سیاست میں ضرور حصہ لیں۔ اگر آنٹی یاسمین لارڈ میئر بن سکتیں ہیں تو آپ بھی بن سکتی ہیں ۔ بس محنت کریں۔جہاں کہیں بھی دیکھیں کہ کسی کی حق تلفی ہو رہی ہے آپ آگے آئیں اور ان کی مدد کریں چاہیے آپ استاد ہیں ، ڈاکٹر ، انجنیئر ، سولیسٹر ہیں یا کسی بھی شعبے سے تعلق رکھتی ہیں محنت اور لگن سے کام کریں اور اسی طرح آپ لارڈ میئر بھی بن سکتی ہیں۔ میری نوجوان نسل سے درخواست ہے کہ برائے مہربانی آپ آگے بڑھیں۔