اپواء مانچسٹر کی سیکرٹری جنرل بیگم نصرت احمد طویل علالت کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں

Spread the love

انا للہ وانا الیہ راجعون
بچھڑا کچھ ادا سے کہ رت ہی بدل گئی
اک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا

( رپورٹ صابرہ ناہیدمانچسٹر ) اپواء مانچسٹر کی سیکرٹری جنرل بیگم نصرت احمد طویل علالت کے بعد مورخہ 23 جولائی 2023 بروز اتوار کی صبح اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں ۔ اور ان کی نماز جنازہ 23 جولائی بعد نماز ظہر ادا کر دی گئی۔ جس میں مانچسٹر اور گردونواح سے کثیر تعداد میں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ ہر آنکھ بیگم نصرت کی وفات پر پرنم تھی۔
بیگم نصرت احمد یوگنڈا میں پیدا ہوئیں اور وہ پہلی یوگنڈین ایشن ریفیوجی تھیں جو کہ ستمبر 1972 میں مانچسٹر پہنچیں۔ چونکہ وہ 4 مختلف زبانوں پر مہارت رکھتیں تھیں جس کی وجہ سے 4 دنوں کے اندر مانچسٹر سٹی کونسل برائے کمیونٹی ریلیشنز (MCCR) نے انھیں ایشن کینڈین خواتین کو ایر پورٹ پر ملنے اور ان کے مسائل کرنے کے لئے منتخب کیا ۔
بیگم نصرت کی وفات پوری کمیونٹی کے لئے ایک بہت بڑا سانحہ ہے۔ بیگم نصرت احمد کو ضرورتمند خواتین کی ماں اور کمیونٹی کا ستون کہنا بیجا نہ ہوگا۔ وہ جی ایم پی کے ساتھ کئی سال بطور ایڈوائزر کام کرتی رہیں۔ بیگم نصرت احمد نے 11 مئی 22 میں اپنے صاحبزادے کے ہمراہ کوئین کی گارڈن پارٹی میں بھی شرکت کی جوکہ مانچسٹر کے لیفٹیننٹ نے کوڈ کے دوران خواتین کی مدد کرنے پر انھی دی تھی بیگم نصرت احمد نے ایتھینک ڈائیورسٹی سروس ، میٹرو پولیٹن برو کونسل کے لئے 18 سال تک کام کیا۔ ان کا کام والدین ، سکول ، ہسپتال اور محتاجوں کے لئے انٹر پریٹنگ کرنا تھا۔ انھوں نے سٹاک پورٹ پولیس ڈپارٹمنٹ میں Domestic violence اور ازدواجی پرابلمز کو حل کرنے کے لئے کام کیا ۔ انھوں نے سٹاک پورٹ کی تقریبا 400 خواتین کی بہتری کے لئے کام کیا ۔ جن خواتین کو انگلش نہیں آتی تھی ان کے لئے ESOL کلاسوں میں مدد کی ۔
بیگم نصرت احمد 1992 میں اپواء مانچسٹر میں شامل ہوئیں اور جنرل سیکرٹری کے عہدے پر فائز ہوئیں اور 31 سال تک اپواء ان کی راہنمائی میں پھلتی پھولتی رہیی۔ بیگم نصرت نے 31 سال تک اپواء کی جنرل سیکرٹری کے فرائض بخوبی نبھائے۔اپنے کام سے بہت ہی مخلص تھیں ۔ اپواء میں ان کی خدمات ناقابل فراموش اور قابل ستائش ہیں ۔ اپواء کے پروگراموں میں ملکی اور بین الاقوامی خدمات کے لئے ہر وقت تیار رھتی تھیں ۔ اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر پاکستان یا کسی بھی ملک میں کوئی بھی آسمانی آفت یا کوئی بھی ناگہانی مصیبت آتی وہ ان کی امداد کے لئے تیار رہتیں ۔ ٹیم کے ساتھ مل کر مینا بازار ، فیشن شو اور دیگر پروگرام کرواتی تھیں اور پروگرام کی تیاری کے لئے دن رات ایک کر دیتی تھیں بلکہ اپنے ساتھ اپنے شوہر نور احمد اور پوتے پوتیوں کو کام میں لگائے رکھتیں تھیں ۔ ہر کسی کے ساتھ رابطے میں رہتیں تھیں۔ یہی وجہ ہے شدید بارش میں بھی سینکڑوں افراد نے ان کے جنازے میں شرکت کی۔ اپواء کی چیئرپرسن بیگم نازیہ طارق وزیر ، وائس چیئرپرسن بیگم عابدہ غزنوی، جوائنٹ سیکرٹری رضیہ اقبال ، فنانس سیکرٹری بیگم اقبال مغل ، فنانس اسسٹنٹ بیگم بشری احمد اور میڈیا رپورٹر بیگم صابرہ ناہيد نے جنازے میں شرکت کی اور بیگم شاہدہ اپنے بہنوئی کی وفات کی وجہ سے شرکت نہ کر پائیں۔ جنازے میں شامل خواتین و حضرات نے ان کے آخری سفر کے لئے خصوصی دعائیں کیں ۔ بیگم نصرت احمد کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دعا ہے کہ اللہ تبارک و تعالٰی ان کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں