راچڈیل (گریٹر مانچیسٹر) ۲۹ جون ۲۰۲۴
آزاد کشمیرسے آئے سابق رجسٹرار سپریم کورٹ ، ایڈوکیٹ سپریم کورٹ ادریس مغل صاحب نے راچڈیل میں مسلم لیگ ن کے چیف کوآرڈینیٹر اور سابق چیئرمین او پی ایف اور راچڈیل لاء ایسوسی ایشن کے پہلے ایشیائی صدر بیرسٹر امجد ملک سے خصوصی ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں باہمی امور ، وکلاء ویلفیر اور انصاف کے نظام اور اصلاحات ،مسلم لیگ ن کی مخلوط حکومت کی سو دن کی کارکردگی اور اوورسیز پاکستانیوں کے دیرینہ مسائل اور خاص طور پر اوورسیز کمیشن آزاد کشمیر پر سیر حاصل گفتگو ہوئی ہے۔
بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کشمیر اور فلسطین پر ایک واضح موقف اپنایا ہے اور مسلم لیگ ن کشمیریوں اور فلسطینیوں کی اخلاقی قانونی اور ریاستی حمائت ہر فورم پر جاری رکھے گی۔
بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں قانونی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جتنی عدالتی اصلاحات کی اب ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والے سارے کردار بے نقاب ہونا چاہیے۔سستا سادہ،عوام کی دہلیز پر انصاف مہیا کرنا ریاستی زمہ داری ہے۔ تجربہ دان ایک دفعہ عمر لاز بھی آزما کر دیکھ لیں ۔
بیرسٹر امجد ملک نے مزید کہا کہ ماضی قریب میں ادریس مغل صاحب کیساتھ اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کی اسلام آباد میٹنگز کے دوران مختلف ادوار میں نشست ہوتی رہی ہے اور ان سے کشمیر کی بابت بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔ ہم نے اکٹھے میرپور کا دورہ بھی کیا تھا۔ انشاللہ منشور کے مطابق تارکین وطن کی دادرسی اور نمائیندگی کیلئے پاکستان میں قانون سازی اور فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو پارلیمان میں لانا مسلم لیگ ن کا وعدہ ہے اور اس پر عمل درآمد ہوگا۔ اوورسیز ایڈوائزری کونسل اور اوورسیز کمیشن آزاد کشمیر ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ انشااللہ
سابق رجسٹرار سپریم کورٹ ، ایڈوکیٹ سپریم کورٹ ادریس مغل صاحب نے کہا کہ بیرسٹر صاحب سے ہمیشہ ملاقات دلچسپ اور حوالہ افزاء رہی ہے اور بیرسٹر صاحب کا اوورسیز کیلئے کام بولتا ہے۔ ہر زمانے میں وکلاء نے مشکلات کا سامنا کیا ہےلیکن انصاف اور اصلاحات کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
مسلم لیگ نے منشور میں عدالتی اصلاحات اور اوورسیز کیلئے دوررس اقدامات کا عندیہ دیا ہے امید ہے ان پر عمل درآمد جلد ہوگا۔
بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ قانونی اصلاحات مسلم لیگ ن کی مخلوط حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اوورسیز وفد کو مزید کہا کہ مسلم لیگ ن تارکین وطن کو مایوس نہیں کرے گی۔ مسلم لیگ ن کام کرنے پر یقین رکھتی ہے ہم پراپیگینڈا پر یقین نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ سولہ رکنی اقدامات کا پیکج اور اقدامات انکی پارٹی کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہوں گے ۔ ان میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مخصوص نشستیں ،ون ونڈو سرمایہ کاری کی سہولت، مخصوص امیگریشن کاؤنٹرز،خصوصی عدالتیں اور کمرشل کاؤنٹرز، پبلک سیکٹر ہاوسنگ اسکیموں میں دس فیصد کوٹہ اور پانچ فیصد مالیاتی رعائت،خصوصی قومی بچت اسکیم،آن لائن بائیو میٹرک تصدیق، کاروباری منصوبوں اور سٹارٹ اپ کیلئے سہولت کاری، تمام صوبوں میں اوورسیز کمیشن کا قیام، وطن واپسی پر خوش آمدید اور مکمل سہولیات ، جائیداد سے متعلق تنازعات کا حل، تنازعات کے متبادل حل کیلئے طریقہ کار، زیادہ ترسیلات بھییجنے والوں کی ستائش اور انعام و کرام، دستاویزات کی آن لائن تصدیق، پاسپورٹ اور نادرا کی آن لائن سہولت، اور تارکین وطن پر مشتمل ایڈوائزری کونسلز کا قیام ان نکات میں شامل ہیں جن پر نئی حکومت میں خصوصی غور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تھنک ٹینک کے قیام میں تارکین وطن کی آراء اور اپنے سفارت خانوں کے ساتھ ملکر نام ترتیب دئے جائیں گے۔
بعدازاں بیرسٹر امجد ملک نے مہمان کی تواضع کی اور مہمان کو تحائف اور اپنی کتاب “پاکستان کا سفر” دیکر رخصت کیا۔