مانچسٹر(نمائندہ خصوصی) برطانیہ کے سابق وزیر صحت اینڈریو گوین نے اوپن کچن مانچسٹر کے زیر اہتمام افطار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے رمضان کے دوران کیے جانے والے اچھے کام قابل تعریف ہیں، اوپن کچن کی کمیونٹی کے لئے خدمات اور محنت قابل ستائش ہے۔لانگ سائٹ پر دی گئی افطار پارٹی کے دوران اینڈریو گوین، ان کی اہلیہ کونسلر ایلیسن گوین، اوپن کچن کے چئیرمین محمد شہزاد علی مرزا، صدر عامر خان ، مچودھری رفیق،صحبت علی، تنزیلہ نبیل، ثوبیہ بانو، زاہدہ خان، لبنی ظفر، صائمہ نورین، غنیمہ احسان، شبنم مرزا، عطیہ چودھری، سجاد حیدر کاظمی، محی الدین چھمہ، حفیظ اللہ چوہان، محمد فیضان سمیت اوپن کچن کے ارکان کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔اس موقع پراینڈریو گوین کو اوپن کچن کا سرپرست بنانا کا اعلان بھی کیا گیا۔اینڈریو گوین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوپن کچن کمیونٹی کے لئے شاندار خدمات انجام دے رہا ہے،انھوں نے کہا کہ وہ بائبل پڑھتے ہیں جس میں امن اور یکجہتی کی ہدایت کی گئی ہے، نبی اکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی ہمیں امن و یکجہتی کا پیغام دیا ہے۔ نبی کریم کی سیرت ہمیں انصاف، رحمت اور خدمت خلق کی ترغیب دیتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ رمضان برکتوں، خوشحالی اور اتحاد کا مہینہ ہے۔ آخر میں انہوں نے سب کو رمضان مبارک کہا۔شہزاد علی مرزا اور عامر خان نے کہا کہ اوپن کچن مانچسٹر کو کمیونٹی کی خدمت کرتے ہوئے پانچ سال ہوگئے ہیں،اوپن کچن لاکھوں بے گھراور بے روزگار لوگوں کو کھانے پینے اور روزمرہ ضروریات کا سامان مفت سامان مہیا کرچکا ہے،اوپن کچن کے تمام ارکان ایک خاندان کی طرح ہیں۔افطار پارٹی کے دوران شرکا کے لئے پرتکلف ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا۔
