خدمت کے ہیرو ،ایک ایسا رضاکار جس نے خوف کے ماحول میں انسانیت کا ہاتھ تھاما

Spread the love

خصوصی انٹرویو: حفیظ چوہان

ایک ایسا رضاکار جس نے خوف کے ماحول میں انسانیت کا ہاتھ تھاما

پیشکش: News of Manchester
تحریر: محمد شہزاد علی مرزا

18 اپریل 2020ء، کورونا وائرس کی عالمی وبا اور لاک ڈاؤن کا زمانہ تھا۔ ہر طرف خوف، بے یقینی اور پریشانی کا ماحول تھا۔ لوگ اپنے گھروں میں محصور تھے، ایک دوسرے کے قریب جانے سے ڈرتے تھے اور بہت سے ادارے اپنی سرگرمیاں بند کر چکے تھے۔

انہی مشکل حالات میں جب میں نے Open Kitchen Manchester کے قیام کا فیصلہ کیا تو میرے ذہن میں ایک ہی سوال تھا کہ اس کام میں میرا ساتھ کون دے گا؟ میں نے کسی سے یہ نہیں کہا تھا کہ میرے ساتھ کام شروع کرے، کیونکہ مجھے معلوم تھا کہ اس وقت ہر شخص اپنی اور اپنے خاندان کی زندگی کے تحفظ کے لیے فکر مند ہے۔

لیکن کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ جس سے جو کام لینا چاہتا ہے، اس کے لیے راستے خود بنا دیتا ہے۔


حفیظ چوہان ان ابتدائی رضاکاروں میں شامل تھے جنہوں نے اس مشکل وقت میں Open Kitchen Manchester کا ساتھ دیا۔ وہ کھانے پینے کا سامان لے کر آتے، کھانا تیار کرنے میں مدد کرتے، اس کی پیکنگ کرتے اور پھر ضرورت مند لوگوں تک پہنچانے کے لیے تقسیم کے عمل میں بھرپور حصہ لیتے۔

یہ صرف کھانا پکانے یا تقسیم کرنے کا کام نہیں تھا بلکہ ایک ایسا مشن تھا جس میں اپنی صحت اور حفاظت کے خدشات کے باوجود دوسروں کی بھوک اور پریشانی کو ترجیح دی جا رہی تھی۔

خصوصاً کورونا وائرس سے متاثرہ اور بیمار افراد کے لیے گھروں تک کھانا پہنچانا ایک بڑی ذمہ داری تھی۔ ایسے لوگ جو بیماری یا خوف کی وجہ سے گھر سے باہر نہیں نکل سکتے تھے، ان تک کھانا پہنچانا حفیظ چوہان کی خدمات کا اہم حصہ رہا۔

آج ساڑھے چھ سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود حفیظ چوہان کا جذبہ اسی طرح قائم ہے۔ وہ صرف ایک رضاکار نہیں بلکہ Open Kitchen Manchester کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ادارے کے مالی معاملات اور فنانس کی نگرانی بھی ان کے سپرد ہے۔

کسی بھی فلاحی ادارے کو کامیابی سے چلانے کے لیے صرف جذبہ کافی نہیں ہوتا، بلکہ اعتماد، دیانت داری، وقت، محنت اور ذمہ داری بھی درکار ہوتی ہے۔ حفیظ چوہان نے ان تمام خصوصیات کے ساتھ اس مشن میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔

Open Kitchen Manchester کی پوری ٹیم کو حفیظ چوہان کی مسلسل خدمات، وفاداری اور محنت پر فخر ہے۔

کچھ لوگ اداروں کے ساتھ وابستہ ہوتے ہیں، لیکن کچھ لوگ اپنی محنت، اخلاص اور قربانی سے ادارے کی پہچان بن جاتے ہیں۔ حفیظ چوہان بھی انہی لوگوں میں سے ایک ہیں۔

یہ سلسلہ ان تمام خاموش خدمت گزاروں کے نام ہے جنہوں نے مشکل وقت میں انسانیت کا ساتھ دیا اور بغیر کسی شہرت یا صلے کی خواہش کے اپنا فرض نبھاتے رہے۔

ہمارا پیغام: No One Should Sleep Hungry — کوئی بھوکا نہ سوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں