بھارتی جارحیت کی بھرپور مذمت بھارت و پاکستان کے درمیان امن قائم کرنے پر زور

لندن، عارف چودھری
برطانوی ایوانِ بالا (ہاؤس آف لارڈز) میں گزشتہ روزمسئلہ جموں و کشمیرکے حوا لے سے خصوصی کمیٹی کا اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کا عنوان India and Pakistan: Peace Representations تھا۔ اس خصوصی کمیٹی اجلاس میں برطانوی پارلیمنٹ، ہاؤس آف لارڈزکے متعدد ارکان کے شرکت کی۔
خصوصی کمیٹی اجلاس میں مسئلہ کشمیر، پہلگام واقعے کے بعد پاک بھارت صورتحال اور بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی جیسے موضوعات پر بحث ہوا جس میں ارکان نے کشمیر میں بھارتی جارحیت اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی سخت مذمت کی۔
یہ بحث لارڈ قربان حسین کی جانب سے منعقد کی گئی جنہوں نے بھارتی زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالی، جن میں قتل و غارت، اجتماعی حراستیں، تشدد اور اجتماعی قبریں شامل ہیں۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 اور 35A کی یکطرفہ منسوخی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو ایک خطرناک اور اشتعال انگیز اقدام قرار دیا جو خطے کو غیر مستحکم کر سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی بارہا تعاون کی پیشکش اور تنازعات کو پرامن طور پر حل کرنے کے عزم کو سراہا۔
بارونس شائستہ گوہر نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو انتہائی غیر اخلاقی اقدام قرار دیا اور کہا کہ ہندوستان پانی کو ہتھیارکے طور پر پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور انسانی بحران کو جنم دے سکتا ہے۔
لارڈ شفق محمد نے بھارت کے یکطرفہ اقدامات کی مذمت کی اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس کے نتیجے میں لاکھوں پاکستانیوں کی زندگیاں متاثر ہوں گی اور برطانیہ پر زور دیا کہ وہ امن کا ضامن بنے۔
پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کرتے ہوئے، لارڈ طارق محمود احمد نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان اصل فتح امن کی ہے۔ انہوں نے معاہدوں کے احترام اور اعتماد سازی کے اقدامات پر زور دیا تاکہ طویل المدتی استحکام حاصل کیا جا سکے۔
حکومت کی جانب سے جواب دیتے ہوئے بارونس جینی چیپ مین نے جنوبی ایشیا میں امن کے لیے برطانیہ کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان و بھارت کے درمیان مسلسل مذاکرات کی اہمیت کو تسلیم کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی جانب سے جنگ بندی پر عمل درآمد کو سراہا اور برطانیہ کی طرف سے کشیدگی کے خاتمے اور استحکام کے لیے اقدامات کی حمایت کا یقین دلایا۔
متعدد لارڈز نے ہندوستان کے اقدامات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ برطانیہ کو پاکستان و بھارت کے درمیان مذاکرات کے لیے فعال کردار ادا کرنا چاہیے اور بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایسے اقدامات سے باز رہے جو کشیدگی کو ہوا دیتے ہیں۔
اس خصوصی مباحثے می ڈپٹی چیئرپرسن آف کمیٹیز بارونس گارڈن آف فروگنل (لبرل ڈیموکریٹ)، لارڈ قربان حسین، لارڈ بھیکھو چھوٹالال پاریخ، لارڈ طارق محمود احمد، بارونس شائستہ گوہر، بارونس سندیپ ورما، لارڈ شفق محمد ، لارڈ کرن فریدون بلیموڈیا، لارڈ جیریمی پیورس، لارڈ مارٹن جان کالانن، اور برطانیہ کی وزیر مملکت برائے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس بارونس چیپمین آف ڈارلنگٹن (لیبر) نے شرکت کی۔
