
مسلم کالج مانچسٹر کی سالانہ گریجوایشن تقریب کا انعقاد جامع مسجد انوار الحرمین چیتھم ہل مانچسٹر میں ھوا – بانی و سرپرست مسلم کالج مفکر اسلام علامہ قمر الزمان اعظمی کی خصوصی شرکت
مانچسٹر عارف چودھری
مانچسٹر مسلم کالج کی سالانہ گریجویشن تقریب، عالمی علما کی شرکت،سینکڑوں طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں
مانچسٹر مسلم کالج ایک معتبر دینی ادارہ ہے جو نوجوان نسل کو اعلی اسلامی تعلیم مہیا کر رہا ہے،علامہ قمر الزمان اعظمی کا خطاب
مفکر اسلام حضرت علامہ قمر الزمان اعظمی کی سرپرستی میں قائم دینی ادارے مانچسٹر مسلم کالج کی پانچویں سالانہ گریجویشن تقریب جامع مسجد انوار الحرمین چھیتم ہل، مانچسٹر میں تزک و احتشام سے منعقد ہوئی۔ اس پروقار تقریب میں فل ٹائم اور پارٹ ٹائم عالمہ کورس، مصباح ایڈوانس، مصباح ایسنشل (Essential) اور فانڈیشن کورسز مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔تقریب کے دوران دورہ حدیث مکمل کرنے والے طلبہ نے بخاری شریف کی آخری حدیث اپنے اساتذہ سے پڑھ کر سند حاصل کی۔ علامہ قمر الزمان اعظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مانچسٹر مسلم کالج ایک معتبر دینی ادارہ ہے جو نوجوان نسل کو اعلی اسلامی تعلیم مہیا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کی خاص بات یہ ہے اس میں نہ صرف کالج آ کر تعلیم حاصل کی جاتی ہے بلکہ آن لائن بھی طلبہ داخلہ اور کورس مکمل کئے جا سکتے ہیں جس سے دنیا بھر کے طلبہ استفادہ کر رہے ہیں۔علامہ اعظمی نے بتایا کہ اس وقت امریکہ، کینیڈا، ہالینڈ اور ناروے سمیت کئی ممالک سے طلبہ یہاں آ کر یا آن لائن تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور متعدد کورسز مکمل بھی کر چکے ہیں۔تقریب میں بین الاقوامی دینی شخصیات نے بھی خصوصی شرکت کی جن میں امریکہ سے مفتی ساجد حسین، ہالینڈ سے مفتی قمر الحسن اور مفتی شکور رمضان، بھارت سے علامہ شاکر نوری اور قاری رضوان، جب کہ پاکستان سے مولانا مشتاق ہاشمی شامل تھے۔ تمام مہمان علمائے کرام نے مانچسٹر مسلم کالج اور علامہ قمر الزمان اعظمی کی علمی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے آخر میں کالج کے پرنسپل مفتی ثاقب نے ادارے کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔ محفل کا اختتام دعا پر ہوا۔
