نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا پاکستان ہائی کمیشن لندن میں دو تاریخی منصوبوں کا افتتاح

Spread the love


عارف چودھری

نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان ہائی کمیشن لندن میں دو تاریخی منصوبوں ”اراضی ریکارڈ سروسز کی فراہمی” اور ”ون ونڈو پاسپورٹ پروسیسنگ سسٹم” کا افتتاح کیا۔ یہ اقدامات وزیرِاعظم شہباز شریف کے اُس وعدے کی تکمیل ہیں جو اپریل 2025 میں اوورسیز پاکستانی کنونشن کے موقع پر کیا گیا تھا اور یہ بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے مؤثر اور شفاف حکمرانی کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔

اراضی ریکارڈ سروسز، پنجاب لینڈ ریونیو اتھارٹی (PLRA) اور وزارتِ خارجہ کے اشتراک سے متعارف کروائی گئی ہیں جس کے ذریعے برطانوی پاکستانی اب پاکستان سفر کیے بغیر پنجاب میں اپنے جائیداد کے ریکارڈ تک رسائی اور انتظام کرسکیں گے۔ اس ڈیجیٹل سہولت میں آن لائن فروخت نامے، فرد (ریکارڈ آف رائٹس)، ای۔گرداوری، انتقالات اور دستاویزات کی تصدیق شامل ہیں، جنہیں دھوکہ دہی سے محفوظ رکھنے کے لیے بلاک چین ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے لندن میں پاکستان ہائی کمیشن میں ایک خصوصی لینڈ سروسز ڈیسک قائم کی گئی ہے اور پائلٹ مرحلے کے بعد یہ سہولت برطانیہ کی دیگر قونصل خانہ جات تک توسیع دی جائے گی۔

اسی دوران ون ونڈو پاسپورٹ سسٹم، جو آئی ایم پاس (IMPASS) کے تحت متعارف کیا گیا ہے، درخواستوں کے مختلف مراحل کو ایک ہی کاؤنٹر پر یکجا کر دیتا ہے، جس سے پروسیسنگ کا وقت فی درخواست صرف 10 منٹ رہ گیا ہے۔ اس اپ گریڈ سے برطانوی پاکستانیوں کو تیز تر سہولت، کم ہجوم اور شفاف خدمات میسر آئیں گی۔

نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ان اقدامات کو ”اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ اور سرمایہ کاری کے فروغ کی سمت ایک ڈیجیٹل جست” قرار دیا۔ انہوں نے وزارتِ خارجہ، پنجاب لینڈ ریونیو اتھارٹی، نادرا اور لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کے تعاون کو سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مؤثر، جدید اور بروقت خدمات فراہم کرنے کے وژن پر کاربند ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں