پاکستان پریس کلب برطانیہ ریجن مانچسٹر کے سنیئر نائب صدر، چوہدری خالد محمود ہنجرا، کی نیشنل پریس کلب (این پی سی) اسلام آباد آمد پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد پہنچنے پر قائد صحافت و صدر فیڈرل یونین جرنلسٹس آف پاکستان محمد افضل بٹ ، صحافیوں کی نمایاں شخصیات اور ممبران نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔
اسلام آباد /لندن عارف چودھری

چوہدری خالد محمود ہنجرا کا پریس کلب اسلام آباد آمد پر استقبال کرنے والوں میں جرنلسٹس فیڈرل یونین آف پاکستان کے صدر و قائد صحافت محمد افضل بٹ، سیکرٹری نیشنل پریس کلب اسلام آباد ،365 نیوز ٹی وی کے بیورو چیف اور اینکر پرسن نیئر علی ،سنیئر صحافی کاشان اکمل, نیشنل پریس کلب ممبر گورننگ باڈی عامر رفیق بٹ اور دیگر سنیئر جرنلسٹس و ممبران شامل تھے۔
استقبال کرنے والی ٹیم نے چوہدری خالد محمود ہنجرا کو ہار پہنا کر اور پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے ان کی آمد کا خیر مقدم کیا، جو پاکستان میں صحافی برادری کی طرف سے ان کے لیے احترام اور محبت کا مظہر تھا۔
استقبال کے اس جذباتی موقع پر، تمام شرکاء نے چوہدری خالد محمود ہنجرا کے مرحوم والد گرامی، چوہدری عنائت اللہ ہنجرا (مرحوم)، کو بھی یاد کیا۔ ان کے بلند درجات اور مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا، جس میں ان کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی۔
یہ استقبال نہ صرف پاکستان اور برطانیہ کی صحافی برادری کے درمیان قریبی تعلقات کو مضبوط کرتا ہے بلکہ ملک و بیرون ملک صحافیوں کے ایک دوسرے کے لیے احترام اور باہمی حمایت کے جذبے کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
