جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی جانب سے اہم اجلاس منعقد۔ انسانی حقوق کے عالمی دن، برطانوی پارلیمنٹ میں منعقدہ کشمیر ڈیبیٹ اور مسلہ کشمیر کو مذید متحد و متحرک طریقہ سے اجاگر کرنے کے سلسلہ میں مشترکہ کوششوں پر اتفاق۔

لندن عارف چودھری
جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی جانب سے جمعرات کے روز مانچسٹر میں یومِ انسانی حقوق کے حوالے سے ایک اہم اور خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس انتہائی اہمیت کے حامل اجلاس کا اہتمام جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین ستارہ پاکستان نے کیا۔ اجلاس میں برطانوی پارلیمنٹ کے سینئر اراکین کشمیری راہنما کمیونٹی شخصیات اور مختلف ممالک کے معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈاکٹر افضل خان ایم پی سی بی ای۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ضلع میرپور آزاد جموں و کشمیر میڈم فرخ اویس، تحریک کے سرپرست سردار عبدالرحمن خان، تحریک کی برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر نائلہ شریف، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ہیری بوٹا، سابق لارڈ میئر مانچسٹر اور قازقستان کے اعزازی قونصلر کونسلر عابد لطیف چوہان، تحریک کی جنرل سیکرٹری برائے گریٹر مانچسٹر فرزانہ افضل، جنرل سیکرٹری اے پی ڈبلیو اے نارتھ آف انگلینڈ مس صبرہ ناہید چوہدری، ڈاکٹر محمد یونس پرویز، مسز غزالہ چوہدری، حمید علی خان اور دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے راجہ نجابت حسین نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور برطانوی پارلیمنٹیرینز سمیت جے کے ایس ڈی ایم آئی کی ٹیم کے مستقل اور بامقصد تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ ہونے والی انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کی جانب بین الاقوامی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین اور کشمیری تحریک کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ مسئلۂ کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ اجلاس سے خطاب میں ڈاکٹر افضل خان ایم پی سی بی ای نے آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ برائے کشمیر کے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی اور ذکر کیا کہ یہ گروپ راجہ نجابت حسین اور ان کی تحریک کے ساتھ اپنے قیام سے ہی قریبی تعاون کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین اے پی پی کے جی بیرسٹر عمران حسین ایم پی اور دیگر پارلیمانی اراکین کی کوششوں سے ویسٹ منسٹر ہال میں یومِ انسانی حقوق کے موقع پر ایک اہم بحث منعقد ہوئی جس میں پچیس سے زائد اراکینِ پارلیمنٹ نے شرکت کی اور کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کے لیے حمایت کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر افضل خان نے برطانوی پارلیمانی گروپ کے عزم کو دہرایا کہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور حقِ خود ارادیت کی جدوجہد کے ساتھ کھڑا رہے گا اور بین الاقوامی فورمز پر ان کے معاملات کو مسلسل اجاگر کرے گا۔ اجلاس میں شرکاء نے پاکستان اور بین الاقوامی برادری بالخصوص برطانوی حکومت، یورپی یونین اور اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دباؤ بڑھائیں تاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قبضے کے دوران سرزد ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکا جا سکے اور مسئلۂ کشمیر کے پائیدار اور منصفانہ حل کے حصول میں سفارتی طور پر مؤثر کردار ادا کیا جائے۔ شرکاء نے زور دیا کہ مسئلۂ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق حل کیا جانا چاہیے تاکہ کشمیری عوام کو حقیقی آزادی اور انصاف میسر آ سکے اس موقع پر اجلاس نے تحریک کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین کو ڈپلومیٹک انسائٹ گروپ کے جانب سے حال ہی میں دیے گئے گلوبل ایمبیسڈر ایوارڈ کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ راجہ نجابت حسین نے یہ اعزاز کشمیری شہداء، کشمیری قوم اور اپنی تحریک کی پوری ٹیم کے نام کرتے ہوئے اسے کشمیری عوام کے لیے وقف کیا اور کہا کہ یہ اعزاز ان کی جدوجہد کے ساتھ عالمی سطح پر اظہارِ یکجہتی کا ثبوت ہے۔ اجلاس کے دوران ڈاکٹر افضل خان نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ضلع میرپور میڈم فرخ اویس کو ان کی نمایاں خدمات اور تعلیمی شعبے میں نمایاں کردار کے اعتراف میں خصوصی شیلڈ پیش کی۔ میڈم فرخ اویس نے عوامی خدمت اور تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کا ذکر کیا اور کہا کہ تعلیم ہی وہ سب سے مضبوط بنیاد ہے جو مظلوم عوام کو آگے بڑھنے کے قابل بناتی ہے۔ اجلاس میں شرکاء نے ایک مشترکہ پیغام میں عالمی برادری سے اپیل کی کہ انسانی حقوق کے عالمی اقدار اور اصولوں کے تحت کشمیریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر اٹھایا جائے اور مذاکراتی عمل کو تقویت دی جائے تاکہ خطے میں مستقل امن اور استحکام قائم ہو سکے۔ علاوہ ازیں شرکاء نے زور دیا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے شواہد اکٹھے کرنے، شفاف تحقیقات کرانے اور بین الاقوامی مشاورت کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل اور شراکت دار ادارے مستقبل میں بھی کشمیری عوام کے حقوق انصاف اور امن کے لیے بین الاقوامی سطح پر آواز اٹھاتے رہیں گے اور ہر ممکن سفارتی اور سیاسی کوششیں انجام دیں گے تاکہ مسئلۂ کشمیر کا حل منصفانہ طور پر ممکن ہو۔ شرکاء نے یقین دلایا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد اور ان کے بنیادی حقوق کے لیے آواز ہر فورم پر بلند رکھی جائے گی۔
