کریمیہ انسٹیٹیوٹ ناٹنگھم میں “اخلاقیات و تربیت” کا خصوصی پروگرام منعقد

Spread the love


ناٹنگھم ( سید آل محمد کی خصوصی رپورٹ)۔ انسانیت کی فلاح اور معاشرتی اصلاح کے لیے اخلاقی تربیت ناگزیر ہے۔ اسی اہم مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے کریمیہ انسٹیٹیوٹ ناٹنگھم میں آج ایک خصوصی تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کا مرکزی موضوع “اعلیٰ اخلاقی اقدار، فکری و اسلامی تربیتی کردار اور ادب و احترام” تھا۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جسے قاری احمد حسین نے مؤثر انداز میں پیش کیا۔ اس کے بعد ارشد محمود نے نعت رسول مقبول ﷺ پڑھی ۔

پروفیسر ڈاکٹر مشرف حسین الازہری نے اپنی گفتگو میں قرآن مجید کے آفاقی پیغام کو تفصیل سے بیان کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ “قرآن پاک کا پیغام صرف عبادات تک محدود نہیں، بلکہ یہ انسانیت کے لیے دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی و فلاح کا جامع راستہ ہے۔” انہوں نے “میجسٹک قرآن” جیسے جدید تراجم کے ذریعے مغربی ممالک میں قرآن فہمی کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی روشنی ڈالی۔

سید مسعود اکرام نے اپنے خطاب میں مسلم معاشرے میں مساجد کے مرکزی اور روحانی کردار پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ “مساجد سے عملی وابستگی نہ صرف عبادت کا ذریعہ ہیں، بلکہ یہ ہماری اجتماعی اخلاقی و روحانی تربیت گاہیں بھی ہیں۔”

مہمان اسکالر پیر محمد عمران ابدالی نے علم و ادب کے باہمی رشتے پر گہری بات کی۔ انہوں نے کہا کہ “علم، ادب اور اخلاق کے بغیر نامکمل ہے۔ حقیقی علم وہی ہے جو انسان کے کردار کو سنوارے، اور یہ ادب و احترام کے بغیر ممکن نہیں۔” انہوں نے قرآن مجید کو ترجمہ کے ساتھ سمجھ کر پڑھنے کی تمام شرکا سے اپیل بھی کی۔

پروگرام میں شہر بھر سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی کے کثیر تعداد میں افراد، اسکالرز، طلبہ اور عمائدین نے شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر امجد عزیز نے تمام حاضرین کے لیے جامع دعا کروائی۔

پروگرام کے بعد تمام شرکا و مہمانوں کے لیے پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا، جس کے دوران تربیتی موضوعات پر پرخلوص تبصرے اور تبادلہ خیال کا سلسلہ جاری رہا۔

کریمیہ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام اس طرح کے پروگراموں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا، تاکہ معاشرے میں مثبت اقدار اور اسلامی تعلیمات کو فروغ دیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں