المصطفی ویلفئیر ٹرسٹ کی سالانہ فنڈ ریزنگ تقریبات کا آغاز

Spread the love


مانچسٹر(تجمل گرمانی)المصطفی ویلفئیر ٹرسٹ کی سالانہ فنڈ ریزنگ تقریبات کا آغاز ہوگیا،یہ تقریبات چھ فروری تک جاری رہیں گی۔اس سلسلہ میں رائل نواب سٹاک پورٹ میں بہت بڑے فنڈ ریزنگ ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں افراد اور فیملیز نے شرکت کی۔تقریب کی صدارت چئیرمین المصطفی ویلفئیر ٹرسٹ عبدالرزاق ساجد نے کی جبکہ مہمان خصوصی ممبر برٹش پارلیمنٹ افضل خان اور قونصل جنرل پاکستان مانچسٹر امتیاز فیروز گوندل تھے۔میزبانی کے فرائض معروف ٹی وی اینکر رحیم جنگ نے ادا کئے۔اہم شرکا میں معروف کاروباری شخصیات طارق غنی، غلام حیدر، خانزادہ،رانا سلطان،عامر اقبال، خالد محمود شیخ،امجد حسین مغل، ملک عمران خلیل، چودھری شاہد انور،ڈاکٹر اجمل،بلال مسجد راچڈیل کےچئیرمین راجہ مشتاق احمد،قاری عبدالرئوف، کونسلر مقدسہ بانو،طاہر چودھری سمیت صحافیوں،کمیونٹی رہنمائوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر سیف آدم، عاطف نواز اور عالیہ ام ریان نےاپنے فن کا مظاہرہ کیا جسے حاضرین نےخوب پسند کیا۔المصطفی ویلفئیر ٹرسٹ کے چئیرمین عبدالرزاق ساجد نے غزہ،فری آئی کیمپوں،مفت کھانےکی فراہمی اور پاکستان،کشمیر سمیت دنیا بھر میں جاری فلاحی منصوبوں کےبارے تفصیلی روشنی ڈالی۔انھوں نےکہا کہ المصطفی نےآئندہ برسوں میں آنکھوں کے پانچ لاکھ آپریشن کا ہدف مقرر کر رکھا ہے جن میں تین لاکھ سے زائد مریضوں کے آپریشن مکمل ہو چکےہیں۔ایم پی افضل خان نےکہا کہ المصطفی کا فنڈ ریزنگ ڈنر بہت کامیاب تھا جس میں کثیر لوگوں نے شرکت کی اور دل کھول کر عطیات دئیے جسے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ ہمارےلوگ نیکی کےکاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔المصطفی کے ڈائریکٹرپروگرام نثار احمد نےکہا کہ وہ مخیر افراد کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔رمضان المبارک کے دوران غزہ میں عارضی رہائش،افطار،پینے کے صاف پانی سمیت دیگر خدمات مہیا کریں گے۔قونصل جنرل پاکستان امتیاز فیروز گوندل نے کہا کہ المصطفی فلاحی میدان میں بہترین کام کررہی ہے،خاص طور پرپاکستان میں سفید موتیا کے آپریشن کرنے پر انھوں نے المصطفی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ المصطفی ویلفئیر ٹرسٹ کو کامیاب تقریب پر مبارکباد پیش کرتےہیں۔المصطفی کی ٹرسٹی شمامہ لطیف نےکہا کہ وہ مانچسٹر میں فنڈ ریزنگ ڈنر کے شرکا کا شکریہ ادا کرتی ہیں،مانچسٹر کےلوگ بہت مخیر ہیں،ہم دکھی انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور تمام عطیات شفاف طریقے سے خرچ کئے جائیں گے۔اس سے قبل فنڈ ریزنگ ڈنر میں مساجد کی تعمیر،سفید موتیا کے فری آئی کیمپوں،پینے کے صاف پانی، قران مجید حفظ کرنے اور یتیم بچوں کی کفالت کے منصوبوں کے لئے عطیات بھی جمع کئے گئے جس پر حاضرین نےدل کھول کر مالی عطیات دئیے۔ آخر میں شرکا کے لئے ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں