جہلم: ( بلال رضا ) ڈاکٹر میاں مظہر حیات، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ جہلم اور ڈاکٹر زاہد تنویر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم نے القاسم انسٹیٹیوٹ اسپیشل بچکان برائے اسلام پورہ جہلم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سکول کی تمام کلاسز کا معائنہ کیا اور اساتذہ و سٹاف سے اسپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر میاں مظہر حیات اور ڈاکٹر زاہد تنویر کا کہنا تھا کہ القاسم انسٹیٹیوٹ جہلم کا ایک مثالی اور بہترین اسپیشل سکول ہے جہاں بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے تقریباً تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سکول میں فری پک اینڈ ڈراپ، دن کا فری کھانا، یونیفارم، ایڈمیشن اور جوتے تک بالکل مفت فراہم کیے جاتے ہیں جو ایک قابلِ تحسین اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکول کونسل کی جانب سے بچوں اور سٹاف کے لیے بہترین اور محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا گیا ہے جبکہ سکول میں موجود تجربہ کار اور محنتی اساتذہ اسپیشل بچوں کو نہ صرف معیاری تعلیم بلکہ عملی تربیت بھی فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت کی جانب سے دستیاب تمام میڈیکل سہولتیں اسپیشل بچوں کو فراہم کی جائیں گی۔
آخر میں القاسم انسٹیٹیوٹ کی سکول کونسل کے ممبران اور صدر ملک آصف نے آنے والے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اسپیشل بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
