جہلم میں مختلف شعبوں کے ملازمین کو سرکاری کم از کم تنخواہ سے محروم رکھنے کا انکشاف، پرائیویٹ سکول ٹیچرز سرِفہرست، لیبر ڈیپارٹمنٹ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
جہلم (سلطان رضوی) پنجاب حکومت کی جانب سے ملازمین کی کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے مقرر کیے جانے کے باوجود ضلع جہلم میں مختلف نجی شعبوں اور پرائیویٹ سکولز سے وابستہ ملازمین کو مبینہ طور 15 سے 20 ہزار تنخواہ کی ادائیگی کا انکشاف ہوا ہے تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے غیر ہنرمند کارکنوں کی کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے مقرر کر رکھی ہے، تاہم جہلم کے متعدد نجی اداروں میں ملازمین کو مبینہ طور پر 15 سے 20 ہزار ماہانہ تنخواہ ادا کی جا رہی ہے، جو متعلقہ قانونی اجرتی معیار کی خلاف ورزی ہے کم تنخواہوں کی شکایات صرف سکیورٹی گارڈز تک محدود نہیں بلکہ نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ، سکولوں کے کلرک، چوکیدار، دفتری عملہ، صفائی کرنے والے ملازمین، نجی ہسپتالوں اور کلینکس کے معاون عملہ، میڈیکل اسٹورز کے ملازمین، دکانوں کے سیلز مین، سپر اسٹورز کے ورکرز، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے ملازمین، ورکشاپس کے کاریگر پٹرول پمپ پر کام کرنے والے ورکر اور مختلف نجی کمپنیوں میں کام کرنے والے محنت کش بھی اس مسئلے سے دوچار ہیں۔
خصوصاً پرائیویٹ سکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کی تنخواہوں کا معاملہ توجہ طلب ہے، جہاں بعض اساتذہ کو ان کی تعلیمی قابلیت، تدریسی ذمہ داریوں اور کام کے اوقات کے باوجود انتہائی کم معاوضہ ملنے کی شکایات ہیں شہری و سماجی حلقوں نے میڈیا کے توسط سے ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر جہلم اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر کے نجی تعلیمی اداروں، سکیورٹی کمپنیوں، دکانوں، ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، نجی ہسپتالوں اور دیگر کاروباری مراکز کا فوری سروے کیا جائے۔ اداروں میں ملازمین کی تنخواہوں، حاضری اور ڈیوٹی کے اوقات کا ریکارڈ چیک کیا جائے اور جہاں 40 ہزار روپے کے مقررہ قانونی اجرتی معیار کے تحت آنے والے غیر ہنرمند ملازمین کو اس سے کم تنخواہ دینے کی خلاف ورزی ثابت ہو، وہاں ذمہ دار اداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے عوامی حلقوں نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ ملازمین کی شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر نظام قائم کیا جائے اور ٹھیکیداری یا آؤٹ سورسنگ کے ذریعے کام کرنے والے اہل ملازمین کو بھی ان کے قانونی حقوق فراہم کیے جائیں سوال یہ ہے کہ جب حکومت نے محنت کشوں کی کم از کم اجرت 40 ہزار روپے مقرر کر رکھی ہے تو جہلم میں اس پر مکمل عملدرآمد کون یقینی بنائے گا؟ لیبر ڈیپارٹمنٹ جہلم سے مطالبہ ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے فیلڈ میں معائنہ کرے اور محنت کشوں کو ان کا قانونی حق دلانے کے لیے عملی اقدامات کرے
