
اردو گلوبل رپورٹ
خزینۂ شعر و ادب برطانیہ کے زیرِ اہتمام ایک شاندار، بامقصد اور یادگار ادبی محفل شیخ ہاؤس، اولڈہم، مانچسٹر میں منعقد ہوئی۔ اس خوبصورت تقریب میں خزینۂ شعر و ادب کے ممبران کے ساتھ ساتھ علمی، ادبی، سماجی اور ثقافتی حلقوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز و معزز شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔


پروگرام کا باوقار آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ اس روح پرور آغاز نے محفل کے ماحول کو عقیدت اور روحانیت سے معطر کر دیا۔ بعد ازاں باقاعدہ مشاعرے کا انعقاد کیا گیا جس میں نامور شعرائے کرام نے اپنے دلنشیں اور معیاری کلام سے سامعین کو مسحور کر دیا۔ غزل، نظم اور دیگر اصنافِ سخن پر مشتمل کلام کو حاضرین کی جانب سے خوب داد اور تحسین حاصل ہوئی۔


اس موقع پر خزینۂ شعر و ادب کی بانی و صدر محترمہ نغمانہ کنول شیخ نے خطاب کرتے ہوئے اپنی ادبی تنظیم کی کارکردگی، مقاصد اور اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے کی جانے والی مسلسل کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے خزینۂ شعر و ادب کے ممبران کا تعارف بھی کروایا اور کہا کہ یہ تنظیم برطانیہ میں اردو ادب کی ترویج، نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی اور ادبی ذوق کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔


پروگرام کے اختتام پر خزینۂ شعر و ادب کے ممبران کی جانب سے شرکائے محفل کے اعزاز میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس سے مہمانوں کی تواضع کے ساتھ ساتھ باہمی محبت اور خلوص کا خوبصورت اظہار ہوا۔ یہ ادبی محفل نہ صرف اردو زبان و ادب کے فروغ کا ایک کامیاب قدم ثابت ہوئی بلکہ حاضرین کے لیے ایک خوشگوار اور یادگار تجربہ بھی رہی
