پاکستان ہائی کمیشن لندن کا برطانیہ میں قونصلر خدمات کے فروغ کے لیے اہم اقدام

Spread the love

پاکستان ہائی کمیشن لندن نے جیریز ویزا سروس لمیٹڈ (Gerrys Visa Service Ltd) کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے، جس کے تحت جیریز کو برطانیہ بھر میں قونصلر خدمات کی فراہمی کے لیے فسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام کا واحد مجاز پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔

لندن عارف چودھری

یہ اقدام وزارتِ خارجہ کی منظوری سے کیا گیا ہے اور اس کا مقصد برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے قونصلر خدمات کو مزید آسان، مؤثر اور قابلِ رسائی بنانا ہے۔

یہ پیش رفت برطانیہ میں مقیم تقریباً بیس لاکھ پاکستانی نژاد افراد کی خدمت کے لیے ہائی کمیشن کے عزم کا اہم مظہر ہے۔ اس معاہدے کے تحت جیریز ویزا سروسز لمیٹڈ برطانیہ بھر میں سروس سینٹرز قائم کرے گا، جہاں اوورسیز پاکستانی ویزا، پاسپورٹ، نادرا سے متعلق دستاویزات اور تصدیقی خدمات سمیت مختلف قونصلر سہولیات بآسانی حاصل کر سکیں گے۔

اس موقع پر پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ یہ شراکت داری اوورسیز پاکستانیوں کو اولین ترجیح دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ مجاز اداروں کے ذریعے کونسلر سروسز کو مختلف علاقوں تک وسعت دے کر ہم لوگوں کے طویل سفر کی زحمت کو کم کر رہے ہیں اور قونصلر سہولیات کو تیز تر، محفوظ اور زیادہ سہل بنا رہے ہیں۔

اس معاہدے کا ایک اہم مقصد برطانیہ میں غیر مجاز اور جعلی ویزا و نادرا فسیلیٹیشن مراکز کے بڑھتے ہوئے رجحان کا سدباب کرنا بھی ہے، جو بھاری فیسیں وصول کرتے ہوئے معصوم درخواست گزاروں کو دھوکہ دیتے ہیں۔ نئے نظام کے تحت ذاتی معلومات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا اور غیر منظور شدہ اداروں کو حساس معلومات کی فراہمی کا راستہ روکا جائے گا۔

جیریز ویزا سروسز لمیٹڈ کے چیئرمین افضل ولی محمد نے اس موقع پر کہا کہ ان کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ انہیں اس اہم قومی منصوبے کے لیے واحد مجاز پارٹنر منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کمپنی برطانیہ بھر میں پاکستانی کمیونٹی کو عالمی معیار کی، شفاف اور محفوظ خدمات فراہم کرے گی۔

جیریز ویزا سروسز لمیٹڈ کے پہلے فسیلیٹیشن سینٹر کا مئی 2026 میں افتتاح کیا جائے گا، جس کے بعد مرحلہ وار توسیع کے ذریعے برطانیہ کے تمام بڑے علاقوں میں اس نیٹ ورک کو پھیلایا جائے گا۔ مراکز کے مقامات، دستیاب خدمات اور اپائنٹمنٹ کے طریقہ کار سے متعلق مزید تفصیلات آئندہ ہفتوں میں جاری کی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں