مانچسٹر (نمائندہ خصوصی)
مانچسٹر: مانچسٹر سٹی کونسل کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی مانچسٹر ڈے پریڈ 2026 میں آج ہزاروں شہریوں اور سیاحوں نے بھرپور شرکت کی۔ رنگا رنگ ثقافتی پریڈ میں مختلف کمیونٹی تنظیموں، ثقافتی اداروں، خواتین کے گروپس اور نوجوان فنکاروں نے شاندار فلوٹس، موسیقی، رقص اور دلکش پرفارمنس کے ذریعے مانچسٹر کے ثقافتی حسن اور تنوع کو اجاگر کیا۔

پریڈ میں 25 سے زائد کمیونٹی گروپس اور سینکڑوں فنکاروں نے حصہ لیا، جنہوں نے روایتی لباس، خوبصورت سجے ہوئے فلوٹس اور تخلیقی مظاہروں کے ذریعے حاضرین کے دل جیت لیے۔ شہر کی مرکزی سڑکوں پر موجود ہزاروں تماشائیوں نے شرکاء کا پرتپاک استقبال کیا اور پورا ماحول خوشی، جوش اور اتحاد کی علامت بن گیا۔



پریڈ کے چیف گیسٹ لارڈ میئر آف مانچسٹر، کونسلر شوکت علی تھے، جنہوں نے تقریب میں خصوصی شرکت کی اور مختلف کمیونٹی تنظیموں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مانچسٹر کی اصل طاقت اس کی ثقافتی ہم آہنگی، تنوع اور باہمی احترام میں ہے۔




اس موقع پر مختلف کمیونٹی تنظیموں نے اپنی ثقافت، روایات اور سماجی خدمات کو اجاگر کیا، جبکہ خواتین اور بچیوں کے گروپس نے خوبصورت فلوٹس اور شاندار پرفارمنس کے ذریعے حاضرین کی خصوصی توجہ حاصل کی۔
مانچسٹر سٹی کونسل کے مطابق اس سالانہ تقریب کا مقصد مختلف ثقافتوں اور برادریوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا، سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور شہر کی تخلیقی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔ اس سال بھی عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے مانچسٹر کے مضبوط کمیونٹی جذبے کا بھرپور اظہار کیا۔
