سٹی رپورٹر: تجمل گرمانی
مانچسٹر: مانچسٹر میں صحافی تنظیموں کے درمیان اتحاد کی کوششیں ایک سال تک جاری رہنے کے باوجود کامیاب نہ ہو سکیں، جس کے بعد ثالث کی جانب سے ایک تفصیلی رپورٹ پاکستانی قونصلیٹ میں جمع کرا دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قونصل جنرل آف پاکستان مانچسٹر امتیاز فیروز گوندل نے اپنے سرکاری فرائض سنبھالنے کے بعد مقامی پاکستانی کمیونٹی میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کے سلسلے میں صحافی تنظیموں کو بھی ایک پلیٹ فارم پر لانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ اس مقصد کے لیے دونوں صحافتی تنظیموں کا مشترکہ اجلاس بھی طلب کیا گیا۔
مانچسٹر میں اس وقت صحافی دو الگ الگ تنظیموں میں منظم ہیں، جن میں پریس کلب آف پاکستان یوکے لمیٹڈ (اعجاز افضل شیخ گروپ) اور پاکستان پریس کلب یوکے (محبوب الٰہی بٹ گروپ) شامل ہیں۔
فریقین کے اتفاقِ رائے سے مانچسٹر کے سینئر کمیونٹی رہنما اور اکاؤنٹنٹ راسب خان کو ثالث مقرر کیا گیا، جنہوں نے تقریباً ایک سال تک دونوں تنظیموں کے درمیان مذاکرات اور رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ تاہم تمام تر کوششوں کے باوجود اتحاد کی راہ ہموار نہ ہو سکی۔
راسب خان نے گزشتہ روز قونصل جنرل امتیاز فیروز گوندل سے ملاقات کے دوران اپنی مفصل رپورٹ پیش کر دی۔ ان کے مطابق رپورٹ میں مانچسٹر میں صحافی تنظیموں کے قیام، باہمی اختلافات، مختلف مراحل اور ان اختلافات کی بنیادی وجوہات کا تفصیلی جائزہ شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ ایک تاریخی دستاویز کی حیثیت رکھتی ہے، تاہم اس میں کسی فرد یا گروہ کو موردِ الزام نہیں ٹھہرایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں تاریخ خود اس معاملے کا غیر جانبدارانہ فیصلہ کرے گی۔
قونصل جنرل امتیاز فیروز گوندل نے رپورٹ وصول کرتے ہوئے صحافتی برادری کے درمیان مثبت روابط اور باہمی احترام کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں اتحاد کی راہیں دوبارہ تلاش کی جا سکیں گی۔
