مانچسٹر میں یوم استحصال کشمیر پر خصوصی تقریب، قونصل جنرل نے وزیر اعظم کا پیغام پیش کیا

Spread the love


مانچسٹر: پاکستان قونصلیٹ جنرل مانچسٹر کے زیرِ اہتمام یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر خصوصی تقریب ہوئی جس سے رکن پارلیمنٹ افضل خان، کشمیری رہنما راجہ نجابت حسین نے خطاب جبکہ قونصل جنرل امتیاز فیروز گوندل نے وزیراعظم پاکستان کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔تقریب میں ہارون افضل کھٹانہ، مانچسٹر کی سابق لارڈ میئر یاسمین ڈار، چوہدری طاہر صدیق، محمود خان، مسلم لیگ (ن) کے رہنما نبیل بٹ، راسب خان، فادر فلک شیر، تجمل گرمانی، ڈاکٹر یونس پرواز سمیت کمیونٹی رہنماؤں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

قونصل جنرل امتیاز فیروز گوندل نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پیغام پڑھ کر سنایا، جس میں کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کو متاثر کر رہا ہے۔ خطے میں پائیدار امن صرف اسی صورت ممکن ہے جب مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پرامن طریقے سے حل کیا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، جبکہ ہر علاقائی اور بین الاقوامی فورم پر ان کی آواز بلند کرتا رہے گا۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا، “پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت پر زور دے کہ اگست 2019 سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے،سخت گیر قوانین ختم کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خود ارادیت دے۔”چیئرمین تحریک حق خود ارادیت راجہ نجابت حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے سات برس قبل مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی جس کی کشمیری عوام پرزور مذمت کرتے ہیں۔بھارت کے ہاتھوں لاکھوں کشمیری شہید، مرکزی قیادت جیلوں میں بند ہے، انھوں نے کشمیری عوام، افواج پاکستان، غازیوں اور شہیدوں کو سلام پیش کیا جو تحریک تکمیل پاکستان چلا رہے ہیں۔کشمیرکی آزادی کے بعد پاکستان مکمل ہو گا۔ہم ریاست جموں و کشمیرکے عوام کے ساتھ ہیں،برطانوی پارلیمنٹ کے رکن افضل خان نے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے یوم استحصال کا سالانہ پروگرام منعقد کیا۔انھوں نے کہا کہ راجہ نجابت حسین 30سال سے زائد عرصہ سے مسئلہ کشمیر پر کام کررہے ہیں۔کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل فارمولہ ہے اور اس کا واحد حل استصواب رائے ہے. برطانیہ کی ذمہ داری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرے۔برطانوی حکومت اس کو حل کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کررہی ہے اور اسے پاکستان بھارت کا داخلی مسئلہ قرار دیتی ہے۔ جنگ مسئلہ کشمیر کا حل نہیں ہے، بھارت تشدد کر کے کشمیریوں کو دبا نہیں سکتا،انھوں نے کہا میری والدہ کشمیر اور والد پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں۔کشمیری پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں ۔ آخر میں راجہ نجابت نے قراردادپیش کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ بھرپور حمایت اور بھارت کے قبضے پر تشویش کا اظہار کیا، انھوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کا دارومدار مسئلہ کشمیر کا حل ہے اور ہم کشمیری عوام کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں