یو جی ویمنز ونگ اور یو جی آرٹ اینڈ کلچر کے زیرِ اہتمام خواتین کی سالانہ روحانی محفلِ میلاد ﷺ

Spread the love

مانچسٹر: الحمدللہ، یو جی ویمنز ونگ اور یو جی آرٹ اینڈ کلچر کے زیرِ اہتمام خواتین کے لیے سالانہ محفلِ میلاد النبی ﷺ نہایت عقیدت، احترام اور روحانی جذبے کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

روحانی محفل کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد خواتین نعت خواں نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں خوبصورت نعتوں کے نذرانے پیش کیے۔ محفل کے دوران خواتین عالمات نے بھی نہایت ایمان افروز اور فکر انگیز بیانات کیے اور حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ، اخلاقِ حسنہ، محبت، اخوت اور انسانیت کی خدمت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

پروگرام کی نظامت کی ذمہ داری یو جی آرٹ اینڈ کلچر کی سینئر نائب صدر مشعل عقیل پنکی نے انتہائی خوبصورتی سے انجام دی، جبکہ صدر یو جی آرٹ اینڈ کلچر صابرہ ناہید چوہدری نے یو جی کے مختلف شعبہ جات اور ان کی رضاکارانہ سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی تعارف پیش کیا۔

اپنے خطاب میں صابرہ ناہید چوہدری نے بتایا کہ یو جی کی ٹیمیں رضاکارانہ بنیادوں پر بے لوث ہو کر انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔ انہوں نے خصوصی طور پر اوپن کچن مانچسٹر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک منفرد انسانی خدمت کا منصوبہ ہے جو کورونا وبا کے مشکل ترین دور میں شروع کیا گیا اور الحمدللہ آج بھی مسلسل ضرورت مند افراد کو مفت کھانا فراہم کر رہا ہے۔

یو جی ویمنز ونگ کی صدر شبانہ اقبال نے محفل میں شرکت کرنے والی تمام معزز مہمان خواتین، عالمات، نعت خواں خواتین اور شرکائے محفل کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی روحانی محافل نہ صرف ہمارے دلوں کو محبتِ رسول ﷺ سے منور کرتی ہیں بلکہ خواتین کو دینی، سماجی اور فلاحی سرگرمیوں میں مثبت کردار ادا کرنے کا حوصلہ بھی دیتی ہیں۔

پروگرام کی آرگنائزر شبنم مرزا نے محفل کے کامیاب انعقاد پر یو جی ویمنز ونگ، یو جی آرٹ اینڈ کلچر کی تمام عہدیداران اور ممبران کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے خصوصی طور پر صدر شبانہ اقبال، سینئر نائب صدر تنزیلہ، سیکرٹری ویمنز ونگ شایستہ، صدر یو جی آرٹ اینڈ کلچر صابرہ ناہید چوہدری، سینئر نائب صدر مشعل عقیل پنکی، لبنیٰ، صوفیہ مغل، شیری، ٹینہ اور دیگر تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پروگرام کے انتظامات کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور محنت کی۔

محفل کے اختتام پر امتِ مسلمہ، پاکستان، برطانیہ اور دنیا بھر میں امن، سلامتی، خوشحالی اور انسانیت کی بھلائی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

شرکائے محفل نے یو جی ویمنز ونگ اور یو جی آرٹ اینڈ کلچر کی جانب سے خواتین کے لیے ایسی بامقصد، روحانی اور فلاحی سرگرمیوں کے انعقاد کو سراہتے ہوئے منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔

رپورٹ: اردو گلوبل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں