بری میں ممتاز کاروباری و سیاسی شخصیت کونسلر شہباز عارف کی والدہ مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے ختم شریف اور دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا

Spread the love


بری —عارف چودھری
جس میں مئیر بری کونسلر محمد طاھر رفیق – کونسلر تیمور طارق -اور برطانیہ بھر سے کاروباری شخصیات، کمیونٹی رہنماؤں، سیاست دانوں اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران مرحومہ کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی، جبکہ غمزدہ خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے مرحومہ کی مغفرت، بلندیٔ درجات اور لواحقین کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی۔
اس موقع پر کونسلر شہباز عارف نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام معزز مہمانوں، عزیز و اقارب، دوست احباب اور کمیونٹی رہنماؤں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دکھ کی اس گھڑی میں اہلِ خانہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنے، تعزیت کے لیے آنے اور مرحومہ کے لیے دعائیں کرنے پر تمام شرکاء کے جذبات کو سراہا۔انہوں نے اس موقع پر اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہونے اور غم میں شریک ہونے والے تمام افراد کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے رقت آمیز دعا کی گئی۔ دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی قبر کو نور سے منور کرے، ان کی منزلیں آسان فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
شرکاء نے دعا کی کہ اللہ رب العزت کونسلر شہباز عارف اور ان کے تمام اہلِ خانہ کو اس عظیم صدمے پر صبرِ جمیل عطا فرمائے اور انہیں یہ جدائی برداشت کرنے کی ہمت دے۔
ماں کی جدائی یقیناً زندگی کا ایسا دکھ ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔ ماں کی محبت، دعائیں اور تربیت ہمیشہ اولاد کے دلوں میں زندہ رہتی ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی نیکیوں کو ان کے لیے ذریعۂ نجات بنائے اور ان کی اولاد کو ان کے لیے صدقۂ جاریہ بننے کی توفیق فرمائے آمین

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں