حاجی الطاف حسین کے بیٹے ظہیر شفیق مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائیہ تقریب کا انعقاد

Spread the love


اولڈھم عارف چودھری

بلال جامع مسجد اولڈہم میں مجلسِ ایصالِ ثواب؛ علمائے کرام، دینی و سماجی شخصیات اور کمیونٹی کے افراد کی کثیر تعداد میں شرکت ۔

گریٹر مانچسٹر، برطانیہ کے علاقے اولڈہم کی بلال جامع مسجد کے ٹرسٹی حاجی الطاف حسین کے صاحبزادے مرحوم ظہیر شفیق کے ایصالِ ثواب کے لیے ایک دعائیہ تقریب اور مجلسِ ایصالِ ثواب کا انعقاد کیا گیا۔ ہفتہ، 24 اکتوبر 2026ء کو نمازِ ظہر کے بعد منعقد ہونے والی اس تقریب میں علمائے کرام، دینی و سماجی شخصیات، معززین اور مسلم کمیونٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ برطانیہ کے مختلف علاقوں اور یورپ سے بھی حاجی الطاف حسین صاحب کے عزیز و اقارب اور احباب اس مجلس میں شریک ہوئے اور اہلِ خانہ سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔تقریب کی نظامت کے فرائض ممتاز عالمِ دین اور دینی اسکالر علامہ صاحبزادہ محمد طاہر بغدادی نے انجام دیے۔ تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حافظ و قاری غلام فرید اعوان، مدینہ انسٹیٹیوٹ اولڈہم نے حاصل کی، جبکہ نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کرنے کی سعادت قاری فضیل احمد سیالوی کو نصیب ہوئی۔اولڈہم کی مسلم کمیونٹی کی نمائندگی کرتےہوئے بانی و چیئرمین اولڈہم مساجد کونسل مولانا قاری سید عبدالشکور قادری نے اپنے خصوصی پیغام میں حاجی الطاف حسین صاحب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم ظہیر شفیق کے اعلیٰ اخلاق اور حاجی الطاف حسین صاحب کے خاندان کی دینی و سماجی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے حضور مرحوم کی بخشش و مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی۔مرحوم ظہیر شفیق کے استاد مولانا قاری شفیق الرحمٰن، لیز روڈ جامع مسجد اولڈہم نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے بندۂ مومن پر اللہ رب العزت کے احسانات کے موضوع پر نہایت خوبصورت اور مؤثر گفتگو کی اور انھوں نے مزید کہا کہ مرحوم نے ان سے قرآنِ مجید کی تعلیم حاصل کی اور دینی تعلیمات بھی سیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی اور جہاں بھی ظہیر شفیق سے ملاقات ہوئی، انہیں ہمیشہ انتہائی باادب، مؤدب اور احترام کرنے والا پایا۔ مرحوم نے پوری زندگی اپنے استاد کے ساتھ ادب و احترام کے تعلق کو نہایت خوش اسلوبی سے نبھایا، جو دیگر نوجوانوں کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔ ان کی زمانۂ طالب علمی کی خوبصورت یادوں اور اعلیٰ اخلاق و کردار کا ذکر اس قدر اثرانگیز تھا کہ حاضرین کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور حاجی الطاف حسین صاحب سمیت تمام اہلِ خانہ اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
تقریب کے اختتامی مرحلے آستانہ عالیہ چورہ شریف کے خلیفۂ مجاز، ممتاز علمی و روحانی شخصیت حضرت پیر مقصود احمد مدنی چوراہی نے اپنے خطاب میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور درود شریف کے فضائل کے موضوعات پر نہایت جامع اور ایمان افروز گفتگو کی۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ کی رحمت و مغفرت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر و استقامتکی دعا کی۔انہوں نے مرحوم ظہیر شفیق کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں درود و سلام اور دیگر کلماتِ خیر پیش کیے گئے، جن کا ثواب مرحوم کو ایصال کرنے اور ان کی بخشش و مغفرت کے لیے دعا کی گئی۔ اہل خانہ کی طرف سے مرحوم کی طرف سےمختلف مساجد کی خدمت کی گئی ۔
تقریب کے دوران بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا۔ ختم شریف پڑھنے کی سعادت قاری محمد اسلم سیالوی اور قاری فضیل احمد سیالوی نے حاصل کی، پھر اجتماعی دعا میں مرحوم کی مغفرت، بلندیٔ درجات، قبر کی منازل میں آسانی اور تمام سوگواران کے لیے صبر و حوصلے کی خصوصی التجائیں کی گئیں۔دعائیہ تقریب میں استاد العلماء مولانا منظوراحمد شاکر، خدیجہ ایجوکیشن سینٹر اولڈہم و سیپینز گرلز اکیڈمی اولڈہم، مولانا قاری محمد یونس خان، ادارہ مدینۃ العلم اولڈہم، حافظ محمد ضیاء الحق، سید طالب حسین شاہ گیلانی، چوہدری محمد اقبال، ناصر محمود، چوہدری پرویز اقبال، حاجی سلیمان احمد، زبیر، حاجی وسیم اقبال، ندیم اقبال، کونسلر ندیم اقبال، نعیم اقبال، حاجی غلام قادر، راجہ لیاقت، راجہ عبدالمعروف اور علی شان سمیت دیگر علمائے کرام، معززین اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر اولڈہم اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ برطانیہ کے مختلف علاقوں اور یورپ سے حاجی الطاف حسین صاحب کے عزیز و اقارب اور احباب نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے حاجی الطاف حسین صاحب اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء کے لیے کھانے کا اہتمام کیا گیا۔ شرکاء نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم ظہیر شفیق کی بخشش و مغفرت فرماکر جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں