*اسرائیل کی جانب سے اسکاٹش اور برطانوی اراکینِ پارلیمان کی حراست اور فلسطین میں داخلے پر پابندی قابلِ مذمت ہے: فخر اقبال چوہدری*

Spread the love

ڈنڈی عارف چودھری
ڈنڈی، اسکاٹ لینڈ: ممتاز کمیونٹی رہنما اور لیبر پارٹی کے سرگرم رکن فخر اقبال چوہدری نے اراکینِ پارلیمان لارا برڈ، کیٹ نیونز اور کلائیو لوئس کو اسرائیلی حکام کی جانب سے حراست میں رکھنے اور مقبوضہ مغربی کنارے میں داخلے سے روکنے پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈنڈی کے علاقے بروٹی فیری کی نمائندہ لارا برڈ، اسکاٹش گرینز کی کیٹ نیونز اور لیبر کے کلائیو لوئس کی مشترکہ کوششیں فلسطینیوں کے حقوق کے لیے اسکاٹ لینڈ اور برطانیہ میں بین الجماعتی یکجہتی کی علامت ہیں۔

فخر اقبال چوہدری نے غزہ میں فلسطینیوں کے قتلِ عام اور تباہی کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی اور کہا کہ جنگی جرائم کی آزادانہ تحقیقات اور ذمہ داروں کا احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی فلسطینی عوام نقل و حرکت پر پابندیوں، گھروں کی مسماری اور آبادکاروں کے تشدد کا سامنا کررہے ہیں۔ ان حالات کا مشاہدہ کرنے والے منتخب نمائندوں کو روکنا انتہائی تشویش ناک ہے۔

انہوں نے برطانوی وزیرِ خارجہ کی جانب سے انتہاپسند اسرائیلی آبادکاروں پر پابندیوں اور غیرقانونی بستیوں سے متعلق مزید اقتصادی اقدامات کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس سے آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے پابندیوں کے مؤثر نفاذ، فلسطینی شہریوں کے تحفظ، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی اور بین الاقوامی احتساب کے لیے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈنڈی اور اسکاٹ لینڈ سے فلسطینیوں کی آزادی، انصاف اور باوقار زندگی کے حق میں آواز بلند ہوتی رہنی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں