گریٹ ہال میں منعقدہ پاکستان سوسائٹی کے75ویں سالانہ عشائیے کی تقریب

Spread the love

برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر اور پاکستان سوسائٹی کے اعزازی صدر ٹیپو عثمان نے لندن میں لنکنز اِن (Lincoln’s Inn) کے تاریخی گریٹ ہال میں منعقدہ پاکستان سوسائٹی کے75ویں سالانہ عشائیے میں شرکت کی۔


لندن عارف چودھری
عشائیے میں پاکستان سوسائٹی کے چیئرمین میجر جنرل (ریٹائرڈ) شیمس کیر (Seumas Kerr)، ٹرسٹیز، عہدیداران، اراکین اور برطانیہمیں پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے پاکستان اور برطانیہ کے عوام کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے میں پاکستان سوسائٹی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی نے ہمیشہ مذاکروں، ثقافتی شاموں اور دیگر مقبول تقریبات کے ذریعے پاکستان کے ورثے اور ثقافت کو اجاگر کیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی کو فروغ دیا ہے۔

ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے برطانیہ بھر میں نوجوان برٹش پاکستانیوں کے ساتھ روابط بڑھانے اور نئی نسل کے
لیے تعلیم اور ترقی کے مواقع تک رسائی کے لئے سوسائٹی کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہائی کمیشن، برٹش پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ روابط بڑھانے اور پاکستان و برطانیہ کے درمیان سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور تعلیمی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان سوسائٹی کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

اس موقع پر بین الاقوامی شہرت یافتہ کتھک رقاصہ اور کوریوگرافر ناہید صدیقی اور پاکستان کے دیرینہ دوست اور سوسائٹی کے سابق چیئرمین سر ولیم بلیک برن کو پاکستان سوسائٹی کے جناح میڈلز سے نوازا گیا۔

سن 1951میں قائم ہونے والی پاکستان سوسائٹی ایک بین الاقوامی تنظیم اور برطانیہ میں رجسٹرڈ فلاحی ادارہ ہے، جس کا نصب العین پاکستان اور برطانیہ کو قریب لاناہے۔ برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم اور صدرِ پاکستان سوسائٹی کے سرپرست ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں