*ڈنڈی، اسکاٹ لینڈ:* عارف چودھری برطانوی حکومت کی جانب سے شہریوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تین دن کا راشن، پانی، ادویات اور دیگر ضروری سامان گھروں میں رکھنے کی ہدایت پر معروف کمیونٹی رہنما *فخر اقبال چوہدری* نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو واضح معلومات فراہم کی جائیں تاکہ غیر ضروری خوف، افواہوں اور بے یقینی سے بچا جا سکے۔
برطانوی حکومت نے اپنی نئی *’Be Ready’* مہم کے تحت شہریوں کو شدید موسم، سیلاب، بجلی کی بندش اور دیگر ہنگامی حالات کے لیے 72 گھنٹوں کی پیشگی تیاری کا مشورہ دیا ہے۔
فخر اقبال چوہدری نے کہا کہ ہنگامی حالات کے لیے تیاری ایک مثبت قدم ہے، تاہم حکومت کو واضح کرنا چاہیے کہ یہ معمول کی احتیاطی تدابیر ہیں یا خطرات کی نوعیت میں کوئی تبدیلی آئی ہے۔ ایسے اعلانات کے ساتھ عوام کو اعتماد میں لینا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بڑھتے ہوئے گھریلو اخراجات کے باعث بہت سے خاندان پہلے ہی مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ حکومت کو یہ بھی بتانا چاہیے کہ اضافی سامان خریدنے کی استطاعت نہ رکھنے والے خاندانوں، بزرگوں اور معذور افراد کے لیے کیا انتظامات کیے گئے ہیں۔
فخر اقبال چوہدری نے مقامی کونسلوں، کمیونٹی تنظیموں اور فلاحی اداروں پر زور دیا کہ وہ عوام تک درست معلومات پہنچانے اور ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گھبراہٹ یا غیر ضروری ذخیرہ اندوزی کے بجائے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنے پڑوسیوں، خصوصاً بزرگوں اور تنہا رہنے والے افراد کا خیال رکھیں۔
*انہوں نے کہا کہ “عوام کو ہنگامی حالات کے لیے تیار کرنا ضروری ہے، لیکن اس تیاری کی بنیاد خوف نہیں بلکہ اعتماد، شفافیت اور ایک دوسرے کی مدد ہونی چاہیے۔ حکومت اور کمیونٹی کو مل کر یقینی بنانا ہوگا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کوئی پیچھے نہ رہ جائے۔”*
