فینکس ویمن گروپ 9 نومبر 2026 کے کامیاب دورۂ پاکستان پر قونصل جنرل پاکستان سے خصوصی ملاقات

Spread the love

( صابرہ ناہید اردو گلوبل نیٹ ورک )
مانچسٹر: فینکس ویمن گروپ کے کامیاب دورۂ پاکستان کے بعد آج پاکستانی قونصلیٹ مانچسٹر میں قونصل جنرل پاکستان کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات منعقد ہوئی۔ اس وفد کی قیادت فینکس گروپ کی سربراہ بشریٰ انور نے کی، جبکہ وفد میں روبینہ راجہ، صابرہ ناہید، سیما شیخ، ناہید آغا اور زاہدہ خان بھی شامل تھیں۔
ملاقات کے دوران بشریٰ انور نے دورۂ پاکستان کی تفصیلات اور وفد کی مختلف سرگرمیوں سے قونصل جنرل کو آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں، این جی اوز، وزراء اور اہم شخصیات سے ہونے والی ملاقاتوں اور حاصل ہونے والی معلومات پر روشنی ڈالی اور دورے کو نہایت کامیاب اور معلوماتی قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس دورے کے ذریعے پاکستان میں مختلف اداروں کی کارکردگی، فلاحی منصوبوں اور جاری سرگرمیوں کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا، جس سے مستقبل میں مزید بہتر اقدامات کی راہیں ہموار ہوں گی۔
اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مستقبل میں فینکس ویمن گروپ زیادہ وسیع پیمانے پر پاکستان کے دورے کرے گا اور بڑے فلاحی و سماجی اداروں کا جائزہ لے کر ان کی کارکردگی، بہتری کے امکانات اور اصلاحات کی ضرورت کا مشاہدہ کرے گا، تاکہ برطانیہ میں مقیم خواتین اپنے تجربات اور تجاویز کے ذریعے مثبت کردار ادا کر سکیں۔
قونصل جنرل پاکستان نے فینکس گروپ کی کاوشوں اور دورے کو سراہتے ہوئے اسے انتہائی کامیاب قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ برطانیہ کی متحرک خواتین اسی جذبے کے ساتھ انسانی بھلائی، سماجی ترقی اور فلاحی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے دورے دونوں ممالک کے درمیان تجربات کے تبادلے، باہمی تعاون اور اداروں کی بہتری کے لیے نہایت اہم ہیں۔
ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ فینکس ویمن گروپ مستقبل میں بھی اس مثبت سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے پاکستان میں فلاحی و سماجی شعبوں کی بہتری کے لیے اپنی تجاویز، تجربات اور خدمات پیش کرتا رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں