مانچسٹر(عارف چودھری) )
پاکستان پیپلزپارٹی انسانی حقوق کمیشن کی جنرل سیکرٹری محترمہ ماریہ اقبال ترانہ نے سابق وزیر اعظم پاکستان و سابق چیئرپرسن پیپلزپارٹی شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کی 13ویں برسی کے موقع پر ویڈیو لنک کے ذریعے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا۔ تعزیتی ریفرنس میں بینظیر بھٹو کے قریبی ساتھی وکٹوریہ سکوفیلڈ،مشتاق لاشاری، کومل راجہ،چیئرمین جموں وکشمیر حق خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین ودیگر نے شرکت کی۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے بی بی شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے کہاکہ بینظیر بھٹو بینظیر تھیں، ان کا کوئی نعم البدل نہیں، آج تیرہ برس گزر جانے کے بعد بھی ان کی جدائی کا دکھ کم نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ منھجی ہوئی لیڈر تھیں جو ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی تھیں، انہوں نے اپنے ادوار میں جمہوریت کی مضبوطی اور عام آدمی ترقی کیلئے اپنا بھرپورکردار ادا کیا۔ تعزیتی ریفرنس میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی قریبی ساتھی وکٹوریہ سکوفیلڈ، کہا ہے کہ شہریوں کے انسانی حقوق کی حفاظت کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ پیپلز پارٹی اپنے قیام کے پہلے دن سے پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے سرگرمِ عمل ہے۔ ہر شہری کا برابری کی بنیاد پر احترام اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے ہماری جدوجہد جاری ہے۔ اور یہ جدوجہد شہادتوں، قید و بند، تشدد اور الزام تراشیوں کا سامنا کرنے کے باوجود جاری ہے۔ ماریہ اقبال ترانہ نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید انسانی حقوق کی علمبردار تھیں، بے نظیر بھٹو شہید پاکستان کا روشن چہرہ اور روشن مستقبل تھیں انہیں عالمی سطح پر آئرن لیڈی، مشرق کی شہزادی، دخترِ اسلام اور مشرق کی بیٹی کے نام سے یاد کیا جاتا رہے گا۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید وفاقِ پاکستان کی علامت اور عوام کی امنگوں کا مظہر تھیں انہوں نے پاکستان کے طول وارض میں سیاسی فراست، ذہانت اور سوجھ بوجھ کے عظیم الشان نقش ثبت کیے اور وقت کے ساتھ انکی عزت و تکریم میں بیش بہا اضافہ ہوا ہے۔وہ واحد قومی راہنما تھیں جو پاکستانی عوام کا ایجنڈا لے کر آگے چل سکتی تھیں۔ بی بی شہید عالمی شخصیت تھیں اور نمایاں آواز تھیں۔ بی بی شہید مفاہمت پر یقین رکھتی تھیں۔ لوگوں کو قریب لانا جانتی تھیں ان کی تحریریں ان کی شخصیت کے اس پہلو کی عکاس ہیں۔راجہ نجابت حسین نے کہاکہ محترمہ شہید کی لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان میں جب بھی جمہوریت کی بات آئے گی محترمہ کی قربانی یاد آئے گی۔
