سرائے عالمگیر میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ نے ایڈوائزرمحتسب پنجاب کے احکامات ہوا میں اڑا دیے

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری ظفرنور)جہلم سرائے عالمگیر میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ نے ایڈوائزرمحتسب پنجاب کے احکامات ہوا میں اڑا دیے،چنگ چی رکشوں کے ٹھیکیدار کی لوٹ مار جاری، چنگ چی رکشہ ڈرائیورز پریشان،ٹھیکیدار نے مقررہ ٹیکس سے کئی گنا اضافی وصولی معمول بنا لی،چنگ چی رکشہ ڈرائیورز سراپا احتجاج، ڈپٹی کمشنر گجرات سے ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ اور ٹھیکہ منسوخ کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی سرائے عالمگیر کی انتظامیہ نے سال 2020-21 کا ٹھیکہ نیلام کرتے وقت ٹھیکیدار کو چنگ چی رکشہ یومیہ 15 روپے وصول کرنے کا پابند بنا رکھا ہے، جبکہ بااثر ٹھیکیدار نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی کے عملے کی ملی بھگت سے فی رکشہ 20 روپے وصول کرناشروع کررکھا ہے، اس طرح بااثر ٹھیکیدار ہر رکشہ ڈرائیور سے میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ کی سرپرستی کیوجہ سے 5 روپے اضافی بھتہ وصولی کر رہا ہے، رکشہ ڈرائیوروں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس کیوجہ سے مسافر پہلے ہی کم رکشوں پر سفر کرتے ہیں، دوسری جانب کارروبار نہ ہونے کیوجہ سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں، رکشہ ڈرائیوروں نے بتایاکہ ٹھیکیدار کے خلاف محتسب پنجاب جہلم کے دفتر سے رجوع کیا جس پر محتسب پنجاب کے ضلعی ایڈوائزر میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے 22 اکتوبر 2020 کو فیصلہ سناتے ہوئے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سرائے عالمگیر کو اس بات کا پابند بنایا کہ ٹھیکیدار رکشہ ڈرائیوروں سے اضافی پیسے وصول نہیں کرسکے گا،جس پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سرائے عالمگیر نے اتفاق کرتے ہوئے قانون پر عملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کرائی، 2 ماہ سے زائدکا عرصہ گزرجانے کے باوجود ٹھیکیدار نے نہ تو اضافی رقم وصول کرنی ختم کی ہے اور نہ ہی پارکنگ کا کوئی مناسب انتظام کیا ہے، رکشہ ڈرائیوروں نے ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل سرائے عالمگیر میں نافذ ہونے والے جنگل کے قانون کا خاتمہ کیا جائے تاکہ غریب رکشہ ڈرائیور اپنے بیوی بچوں کا پیٹ پال سکیں۔موقف جاننے کے لئے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سرائے عالمگیر عظمت فرید وڑائچ سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میرے علم میں ایسی کوئی بات نہیں کہ ٹھیکیدار اضافی پیسے وصول کر رہا ہے، اگر یہ ثابت ہو گیا تو ٹھیکیدار کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں