جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیراحمدراجہ)جہلم پنجاب ایمر جنسی سروس ریسکیو1122 نے سال 2020 کی مجموعی کارکردگی جاری کر دی،ریسکیو 1122 نے سال2020 میں مجموعی طور پر11ہزار 2 سو 52افراد کو ریسکیو کیا۔انجینئر سعید احمد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122نے سال2020 (یکم جنوری تا 31 دسمبر) ریسکیو1122 جہلم کی کارکردگی مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سال 2020 ایک کٹھن سال تھا۔لیکن ریسکیورز نے اپنے بلند حوصلے اوربہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ریسکیو1122 نے بروقت رسپانس کرتے ہوئے مجموعی طور پر11 ہزار 2 سو 52افراد کو ریسکیو کیا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد6 ہزار 6 سو85 مریضوں کومختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا۔سال 2020 میں اوسط ایمرجنسی رسپانس ٹائم 6.36منٹ رہا۔تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 جہلم کنٹرول روم کومجموعی طور پر3لاکھ 79 ہزار 4 سو 48 فون کالز موصول ہوئیں جن میں سے8 ہزار 5 سو 59ایمرجنسی کی کالز تھیں۔ ان میں 1 ہزار 8 سو15روڈ حادثات،5 ہزار 70میڈیکل ایمرجنسی،1 سو 64فائرایمرجنسی،1 سو 47کرائم کیس،18 ڈوبنے کے واقعات، 06 عمارتیں گرنے اور1 ہزار 2 سو 77متفرق ایمرجنسیز تھیں۔ 2020میں ضلع جہلم میں فلڈ ریسکیو آپریشن میں بھی ریسکیو 1122 نے جانفشانی سے کام کیا اور متاثرین کو سیلاب زدہ علاقوں سے نکالنے اور ان کو حفاظتی مقامات پر منتقل کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔ علاوہ ازیں پیشنٹ ٹرانسفر سروس(PTS) کے تحت مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ضلعی ہیڈ کوارٹر اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں سے 2 ہزار 2 سو80 مریضوں کو راولپنڈی، اسلام آباد اور سرگودھا کے بڑے ہسپتالوں میں منتقل کیاگیا۔ اس موقع پر انچارج ریسکیو1122 انجینئر سعید احمد کا کہنا تھا کہ ریسکیو1122 نے کرونا جیسی وباء سے نمٹنے کے لئے بھرپور کردارکیااور کورونا کے مریضوں کو بروقت طبی امداد اور ہسپتال منتقل کرنے کا عمل جاری رکھا۔ ریسکیو1122 کی جانب سے 2 سو91 کورونا کے مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا اور کورونا سے وفات پانے والے 49 افراد کی تدفین میں بھی اپنا کردار ادا کیا۔ کورونا وباء سے متعلق ضلع بھر میں آگاہی پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو1122کے جوان کسی بھی ایمرجنسی یا سانحہ سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ریسکیو1122 کا ادارہ عوام کا ادارہ ہے اور ہم عوام کی فلاح کے لئے کام جاری رکھے ہوئے ہیں، ہمارا مقصد عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہے۔رپورٹ کے مطابق سال2020 میں ریسکیو 1122 کو1 لاکھ 94 ہزار 45 غیر ضروری کالز موصول ہوئیں۔لہذا ہم عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس نمبرپر غیر ضروری کالز کرنے سے اجتناب کریں۔کیونکہ ایسا کرنے سے کسی مستحق شخص جس کو سروس کی اشد ضروروت ہو،اس کی جان بھی جا سکتی ہے۔اس کے علاوہ کمیونٹی سیفٹی ونگ ریسکیو 1122 کی جانب سے مختلف اداروں،سکولز، کالجز،اور یونین کونسلز کی سطح پر فرسٹ ایڈ اور تربیتی کورسسز کروائے گئے۔جن میں شہریوں کو حادثات سے آگاہی، ابتدائی طبی امداد اور دیگر میڈیکل حادثات سے متعلق تربیت دی گئی۔ اس کے علاوہ قدرتی آفات اور دیگر حادثات سے متعلق فرضی مشقوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔
