جہلم اندرون شہر سمیت مختلف مقامات پردریائے جہلم کی مچھلی کے نام پرسادہ لوح عوام سے نوسربازی جاری

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +عامرکیانی)جہلم اندرون شہر سمیت مختلف مقامات پردریائے جہلم کی مچھلی کے نام پرسادہ لوح عوام سے نوسربازی جاری۔قادرآباد خان پور ڈیم اور فارم کی مچھلی کو دریائے جہلم کی مچھلی ظاہر کرکے من مرضی کے نرخوں پر فارمی مچھلی کی فروخت دھڑلے سے جاری۔ ضلعی انتظامیہ خاموش، شہریوں کا ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق شہر سمیت مختلف مقامات اور گردونواح میں دریائے جہلم کی مچھلی کے نام پرسادہ لوح عوام سے دھوکہ کیا جا رہاہے، پنجاب کے مختلف علاقوں میں قائم مچھلی کے فارمزسے انتہائی سستے داموں مچھلی خرید کر دریائے جہلم کی مچھلی ظاہر کرکے مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہے جبکہ سادہ لوح عوام سے د ریائے جہلم کی مچھلی کے نام پر ہزاروں روپے وصول کیے جا رہے ہیں سنگھاڑا، رہو، کالا رہو، گلفام، ملی،چڑا،سلور کے ناموں سے منسوب فارمی مچھلیوں کی مہنگے داموں فروخت کرکے عوام کی کھال ادھیڑی جا رہی ہے، دریائے جہلم اور منگلا ڈیم کی مچھلی کے نام پر سادہ لوح عوام کودونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے،قابل زکر بات یہ ہے کہ ابھی تک انتظامیہ نے مچھلی فروخت کرنے والے دکانداروں اور ریڑھی بانوں کے لیے چیک اینڈ بیلنس کا کوئی انتظام متعارف نہیں کروایا اور مچھلی فروخت کرنے والوں کے لئے کوئی نرخ مقرر نہیں کئے، جس کیوجہ سے مچھلی فروخت کرنے والے ریڑھی بانوں و دکانداروں نے جنگل کا قانون نافذ کر تے ہوئے شہریوں کو مہنگے داموں فارمی مچھلی فروخت کر رہے ہیں جو کہ ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر، اسٹنٹ کمشنر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں