(محمداحمد سعیدی کی رپورٹ )موٹر وے ایم 5 پر سہولیات کا فقدان اور موٹر وے پولیس کی مایوس کن کارکردگی کے باعث حادثات میں اضافہ
کل سہ پہر موٹر وے ایم 5 پر تحصیل احمد پور شرقیہ کے علاقہ خیر پور ڈاہا کے قریب ایک ٹریفک حادثہ ہوا ہے ، اس حادٹہ سے دل انتہائی پریشان اور بوجھل ہے اور رات بھر پریشانی رہی کہ انسان کے دل میں کیا کیا خواب ہوتے ہیں اور ان ارمانوں کو دل میں لئے ایک ہی گھرانہ کے 3 افراد جان کی بازی ہار گئے اور ہنسی خوشی گھر کو جانے والی فیملی ایک لمحہ میں اجڑ گئی ، کراچی کینٹ کے رہائشی بٹ فیملی سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ نوجوان محمد اویس بٹ اپنی اہلیہ اور تین بیٹوں کے ہمراہ پراڈو گاڑی پر لاہور سے کراچی جارہے تھے کہ تیز رفتاری کے باعث ان کی گاڑی ٹرالر سے جا ٹکرائی جس سے محمد اویس ان کی اہلیہ 35 سالہ کرن اور 15 سالہ بیٹا علی موقع پر جاں بحق ہوگئے اور 6 سالہ احمد اور 12 سالہ عبداللہ شدید زخمی حالت میں نشتر اسپتال میں زیر علاج ہیں ، بلاشبہ گاڑی اوور سپیڈ تھی مگر اس کو کنٹرول کس نے کرنا ہے موٹر وے ایم 5 پر جو مانیٹرنگ کیمرے لگائے گئے تھے وہ دو سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود غیر فعال ہیں اور موٹر وے پولیس کو بھی یہاں شاہراہ پر اسٹینڈ کیمروں کے ذریعے سپیڈ مانیٹرنگ کرتے ہوئے نہیں دیکھا تاکہ گاڑیاں چلانے والوں کو کچھ جرمانہ کا خوف ہو اور وہ گاڑی مقررہ اسپیڈ پر چلائیں ، ان دو سالوں میں اس شاہراہ پر اوور سپیڈ کے باعث سینکڑوں قیمتی جانیں لقمہ اجل بن چکی ہیں اور سینکڑوں افراد معذور ہوچکے ہیں ،
میری وزیر مواصلات مراد سعید سے اپیل ہے کہ اس شاہراہ پر لگے کیمرے فوری فعال کریں اور موٹر وے پولیس سے گزارش ہے کہ اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اسٹینڈ کیمروں سے اسپیڈ مانیٹر کریں تاکہ ہنستے بستے گھرانے اجڑنے سے بچ سکیں اور حادثات میں کمی ہو۔
