جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاقدیر بیگ)جہلم المدد دسترخوان سے روزانہ سینکڑوں افراد پیٹ بھر کر کھانا کھاتے ہیں، مخیر حضرات بھی تعاون کر رہے ہیں، یہ سلسلہ انشاء اللہ جاری و ساری رہے گا، ان خیالات کااظہار المدد دسترخوان کے سرپرست میاں محمد ساجد نے گزشتہ روز اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اس وقت شہر میں بلا تفریق سینکڑوں افراد کو باعزت طریقے سے کھانا مہیا کر رہے ہیں،میاں محمد ساجد نے کہا کہ میرا اور میرے دوستوں کا خواب ہے کہ ایسی پناہ گاہ تعمیر کی جائے جہاں بے بس، بے یارو مدد گار، بے آسرا افراد کو چھت مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ 2 وقت کا کھانا مہیا کریں تاکہ ایسے افراد جن کا تعلق سفید پوش طبقہ سے ہے کی عزت نفس بھی مجروح نہ ہواور باعزت طریقے سے ان کی کفالت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس جب دسترخوان کا آغاذ کیا تو چند افراد دسترخوان پر آئے آج الحمد اللہ درجنوں کی تعداد میں افراد پیٹ بھر کر کھانا کھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن ہے کہ کوئی بھی مرد یا عورت بھوکا نہ رہے، انہوں نے مزید کہا کہ اللہ نے ہم سب کو پیدا کیا اور اس کا مقصد ایک دوسرے سے پیار و محبت سے پیش آنا ہے اور اسی فلسفے کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم خدمت انسانیت کے جذبے کو پروان چڑھارہے ہیں۔ انہوں نے شہر کے مخیر حضرات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس نیک کام میں اپنا حصہ ضرور ڈالیں تاکہ آخرت میں کامیابی کا سامان جمع کیا جاسکے۔
