مکس نیوز ساہیوال

Spread the love

با تسلیمات ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ساہیوال ڈویژن 6 جنوری 2021

ساہیوال ( )کمشنر ساہیوال ڈویژن نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی بہتر بنانے کے لئے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا رہا ہے تا ہم ضروری ہے کہ شہری اپنا فرض پہچانیں اور عملے سے مکمل تعاون کریں تا کہ صفائی اور تجاوزات جیسے مسائل حل ہو سکیں-اپنے دفتر میں پرنٹ میڈیا ایسوسی ایشن کے 4رکنی وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ بازاروں سے تجاوزات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے تا کہ خریداری کے لئے آنے والے افراد کو پریشانی سے بچایا جا سکے ضرورت اس امر کی ہے کہ دوکاندار حضرات مخصوص لائن کے اندر رہتے ہوئے کارروبار کریں -وفد کی قیادت صدر رانا مزمل سعید کر رہے تھے جبکہ رانا وحید،وسیم حفیظ اور میاں ممتاز بھی ان کے ہمراہ تھے – کمشنر نادر چٹھہ نے سٹی صدر روڈ،جی ٹی روڈ،ہائی سٹریٹ،دیپالپور بازار،گرلز کالج روڈ اور پاکپتن بازار میں عارضی تجاوزات کو فوری ختم کرانے کے احکامات دیئے اور میونسپل آفیسر پلاننگ کو ہدایت کی کہ شہر میں زیر تعمیر پلازوں اور کمرشل بلڈنگز کے بلڈنگ پلان پر مکمل عمل در آمد یقینی بنایا جائے -انہوں نے ہاؤسنگ کالونیز کے معاملات میں شفافیت لانے کے عزم کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے تا کہ عوام کی انوسٹمنٹ کو تحفظ دیا جا سکے -انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ بلدیہ کے عملے سے تعاون کریں اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا بنیادی کردار ادا کریں

با تسلیمات ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ساہیوال ڈویژن 6 جنوری 2021

ساہیوال( )سخت سردی میں محکمہ سوئی گیس شہریوں تک گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔کمپریسر لگاکر دوسرے صارفین کی حق تلفی کرنے والے قومی مجرم ہیں جن کو کسی صورت معاف نہیں کیا جاسکتا-یہ بات ریجنل مینجر سوئی گیس ساہیوال بلال اصغر نے ایک پریس ریلیز میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ سٹاف کی پچاس سے زائد سپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گیس کے کم پریشر کی شکایات کو دور کرنے کیلئے ہر وقت فیلڈ میں موجود ہوتی ہیں۔گیس پریشر میں کمی کی شکایات کو حل کرنے کیلئے ضرورت کے مطابق نیٹ ورک موڈیفیکیشن کی گئی ہے اس کے ساتھ ساتھ کمپریسر استعمال کرنے والوں کے خلاف بھرپور کاروائیاں کی جا رہی ہیں اور ملوث صارفین کے گیس کنکشن منقطع کئے جا رہے ہیں۔ریجنل مینجربلال اصغرنے مزید بتایا کہ محکمے نےٹیموں کو مزید متحرک کرنے اور شکایات کے فوری حل کے عزم کا اعادہ کررکھاہے اس سلسلہ میں شہریوں کا تعاون بھی درکار ہے وہ گیس کمپریسر استعمال کرنے والے عناصر کی نشاندہی کرکے اپنا قومی فریضہ ادا کریں

با تسلیمات ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ساہیوال ڈویژن 6 جنوری 2021

ساہیوال ( )ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت رانا حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ گندم کی زیادہ پیداوارکے حصول کے لئے جڑی بوٹیوں کی تلفی نہایت ضروری ہے،جڑی بوٹیاں کیڑوں کی جائے پناہ اور فصل کو کمزور کر دیتی ہیں۔ ایک پریس ریلیز میں انہوں نے کہا کہ جڑی بوٹیوں کی وجہ سے 42 فیصد تک پیداوار میں کمی ہو سکتی ہے اور یہ کھادوں کو فصل کی نسبت زیادہ تیزی سے استعمال کر کے کاشتکار کو نقصان پہنچاتی ہیں-انہوں زمینداروں پر زور دیا کہ وہ جڑی بوٹیوں کا سپرے اس وقت کریں جب ان کے تین یا چار پتے نکل چکے ہوں اور اس کے لئے مخصوص نوزل فلیٹ فین یا ٹی جیٹ استعمال کریں،تیز ہوا،دھند اور بارش والے دنوں میں سپرے ہرگز نہ کریں -انہوں نے مزید بتایا کہ دھوپ میں سپرے کریں اور پانی کی مقدار فی ایکٹر 100تا120لیٹر رکھیں – وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت مخصوص جڑی بوٹی مار ادویات پر 250روپے فی پیکٹ سبسڈی بھی دی جا رہی ہے۔ رانا حبیب الرحمن نے کہا کہ کسان بھائی اس سکیم سے فائدہ اٹھائیں اور جڑی بوٹیوں کو گندم سے تلف کر کے پیداوار کو بڑھائیں –

ساہیوال( )لاہور میں جاری قائد اعظم انٹر ڈویژن چیمپئن شپ میں اتھلیٹکس بوائز ایونٹس میں ساہیوال ڈویژن نے پہلی پوزیشنز حاصل کر لی ہیں۔ یہ بات ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چودھری عبدالقیوم نے ایک پریس ریلیز میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ اتھلیٹکس کے بوائز مقابلو ں میں 100میٹر ریس میں علی احمد نے10.06 سیکنڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ گوجرانوالہ ڈویژن کے محمد ندیم نے دوسری اور سرگودھا ڈویژن کے محمد نعیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی،اسی طرح400میٹر ریس میں احمد سعید نے 49.40سکینڈ میں ہدف طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی اور گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ 4X100ریلے ریس میں علی احمد،شاہد بلال او ر عابد حسین نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے 3 ایونٹس میں ساہیوال ڈویژن کو گولڈ میڈل دلوایا-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں