جہلم گیس بحران سے شہری پریشان

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم گیس بحران سے شہری پریشان، بیشتر علاقوں میں گیس پریشر میں کمی تو کہیں گیس دستیاب ہی نہیں، ایل پی جی مافیا بھی بے لگام ہو گیا، دکاندار سرکاری نرخوں کی بجائے من مانی قیمتوں پر ایل پی جی گیس سلنڈرز فرو خت کرنے لگے، صارفین مہنگے سلنڈرز خریدنے پر مجبور۔موسم سرما میں گیس بحران نے شہریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا۔ گیس پریشر میں کمی اور گیس کی عدم دستیابی شہریوں کے لیے درد سر بن گئی۔ شہریوں کا وزیر اعظم پاکستان، وفاقی وزیر پٹرولیم سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں گیس نہ ہونے کی وجہ سے گھریلوخواتین کو کھانا تیار کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ پچھلے کئی سالوں سے گیس کی سہولت سے محروم ہیں جبکہ محکمہ سوئی گیس ہر ماہ بھاری بل وصول کر رہا ہے، بچے ہوں یا گھر کے مرد سبھی ناشتے کے بغیر ہی گھروں سے محنت مزدوری اور حصول کارروبارکے لئے نکل جاتے ہیں۔ایک طرف گیس بحران دوسری جانب ایل پی جی مافیا بے لگام ہوچکا ہے۔ ایل پی جی مافیا نے صارفین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر رکھا ہے۔ گیس کی سرکاری قیمت کو نظر اندازکرتے ہوئے من مرضی کے نرخوں پر گیس سلنڈرز فروخت کررہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف مہنگائی نے جینا محال کر رکھا ہے تو دوسری جانب مہنگی ایل پی جی سے گھریلو صارفین شدید متاثر ہو رہے ہیں۔شہر سمیت ملحقہ آبادیوں میں ایل پی جی مافیا من مانے نرخ وصول کر رہا ہے جبکہ نرخوں پر عملدرآمد کے لیے سرکاری مشینری کہیں نظر نہیں آتی۔شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان، وفاقی وزیر پٹرولیم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں