جہلم شہر کے متعدد علاقوں جن میں نئی آبادی کریم پورہ، بلال ٹاؤن، مجاہد آباد، کشمیر کالونی، کالا گجراں سمیت دیگر علاقوں میں گندگی و غلاظت کی وجہ سے تعفن پھیلنے لگا

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم شہر کے متعدد علاقوں جن میں نئی آبادی کریم پورہ، بلال ٹاؤن، مجاہد آباد، کشمیر کالونی، کالا گجراں سمیت دیگر علاقوں میں گندگی و غلاظت کی وجہ سے تعفن پھیلنے لگا،منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلیوں نے علاقہ مکینوں سے منہ موڑلیا، علاقہ متاثرین سراپا احتجاج، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن/ ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق شہرسے ملحقہ علاقوں نئی آبادی کریم پورہ، بلال ٹاؤن، مجاہد آباد، کشمیر کالونی، کالا گجراں سمیت دیگر علاقوں کے رہائشیوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلیوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے میونسپل کارپوریشن کے عملے نے اندرون شہر کے گلی محلوں کی صفائی ستھرائی کرنے کی بجائے گلی محلوں کو کوڑے دان میں تبدیل کر رکھا ہے، شہر سے ملحقہ آبادیوں کی گلیوں میں گندہ پانی اور گندگی و غلاظت کی وجہ سے تعفن پھیل رہا ہے، گھروں سے نکلنے والے گندے پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے مچھروں، مکھیوں اور مختلف حشرت الارض کی افزائش نسل میں تیزی سے اضافہ ہو رہاہے، جبکہ جگہ جگہ گندگی وغلاظت اور کوڑے کے ڈھیر جمع ہو چکے ہیں جس کیوجہ سے کچرے سے تعفن پھیل رہا ہے،گندگی کے باعث مختلف اقسام کے وائرس جنم لے رہے ہیں جس کیوجہ سے شہری مختلف موذی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں علاقہ مکینوں نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن/ ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ شہرسے ملحقہ آبادیوں کے لئے پختہ سڑکوں، گلیوں اور نالوں کی صفائی ستھرائی کے لئے فنڈز مہیا کئے جائیں اور صفائی ستھرائی کے لئے سینٹری ورکرز کو پابند بنایا جائے تاکہ شہری آج کے ترقی یافتہ دور میں مہلک امراض سے محفوظ رہ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں