جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاقدیر بیگ)جہلم نیا پاکستان سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین کے لئے سود مند ثابت نہ ہو سکا۔، سرکاری ملازمین بڑھتی ہوئی مہنگائی کیوجہ سے زہنی تناؤ کا شکار، وزیراعظم پاکستان سمیت سنیٹرز نے اپنی تنخواہوں میں اضافے کر لئے، غریب سفید پوش ملازمین مہنگائی کی چکی میں پسنے پر مجبور، تفصیلات کے مطابق سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین نے اخبار نویسوں سے گفتگو کے دوران بتایا کہ وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے اقتدار میں آنے سے قبل ملازمین کو سبز باغ دکھا کر ووٹ حاصل کئے انتخابات کے موقع پر وزیراعظم اور منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی تقریروں میں سہانے سپنے دکھاتے رہے، اقتدار حاصل کرنے کے بعد حکمران ملازمین سمیت وطن عزیز کی غیور عوام کو جھوٹی طفل تسلیاں دیکر ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر گامزن ہیں، سرکاری اداروں کے ملازمین مہنگائی کے اس پرفتن دور میں رزق حلال کما کر اپنے بیوی بچوں کو 2 وقت کی روٹی فراہم کرنے کے لئے سو جتن کرتے دکھائی دیتے ہیں اس کے باوجود بچوں کو نہ تو اچھی تعلیم اور نہ ہی سکھ کی نیند فراہم کر سکتے ہیں، اداروں کے ملازمین کا کہنا ہے کہ حکمرانوں سے ڈھیر ساری امید یں وابستہ کر رکھی تھیں، لیکن اڑھائی سال کا عرصہ گزرجانے کے باوجود ناکامیوں اور مایوسیوں کا منہ دیکھ رہے ہیں، وزیراعظم کی تنخواہ میں 6 لاکھ سے زائد کا اضافہ محض اس لئے کیا گیا کہ وزیراعظم مقررہ تنخواہ میں گزر بسر نہیں کر سکتے، قابل زکر بات یہ ہے کہ وزیر اعظم نہ تو کوئی بیٹا اور نہ ہی بیٹی جبکہ سرکاری ملازمین اپنے بزرگ والدین اور بیوی بچوں کی کفالت تنخواہوں سے کرتے ہیں سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین نے ریاست مدینہ کو کاپی کرنے والے وزیراعظم سے مطالبہ کیاہے کہ سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین کی تنخواہیں مہنگائی کے تناسب سے بڑھائی جائیں تاکہ ملازمین کو غلط راستے اپنانے کی ضرورت پیش نہ آئے اور وطن عزیز ترقی کی راہوں پر گامزن ہو سکے۔
