جہلم(چوہدری عابد محمود +افتخارالحق)محکمہ بہبود آبادی جہلم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر جہلم ر اؤ پرویز اخترکی زیر صدارت کمیٹی روم ڈپٹی کمشنر آفس جہلم میں منعقد ہوا۔ ڈاکٹر وسیم اقبال چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ جہلم، محمد معروف چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایجوکیشن جہلم، ڈاکٹر امتیاز ڈار ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی۔آر۔ایم۔ این۔ س۔ایچ جہلم اور دیگر سرکاری محکموں کے آفیسرز نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر جہلم بابر ظہیر نے شرکاء کو محکمہ بہبود آبادی کی کارکردگی بارے بریفنگ دی جس میں خاندانی منصوبہ بندی اور ماں بچے کی صحت کے بارے میں کی گئی مختلف تقاریب اور مانع حمل ادویات اور دیگر طریقوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ڈی سی جہلم ر اؤ پرویز اختر نے محکمہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور مزید بہتری کے لئے تمام محکموں کو بھی مربوط لائحہ عمل کے تحت تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لئے اقدامات کرنے پر زور دیا آپ نے مزید کہا کہ علماء کرام معاشرے میں اس حوالہ سے اپنے اثرو رسوخ کو مثبت تبدیلی کے لئے استعمال کرتے ہوئے معاشرتی تبدیلی کے عمل کو تیز کرسکتے ہیں اسلئے محکمہ بہبود آبادی جہلم علماء کرام کے ساتھ مل کر خصوصی آگاہی سیشنز کا انعقاد کرے۔
جہلم(چوہدری عابد محمود +قیصرامجد مغل) ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر نے ضلعی افسران کے ہمراہ ریویو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اہداف کا جائزہ لیا ہے، اس موقع پر انہوں نے محکمہ مال، ڈویلپمنٹ، ہیلتھ، ایجوکیشن، جنگلات، ریونیو،ہائر ایجوکیشن، پاپولیشن، ماحولیات، سول ڈیفینس، ریسکیو 1122 سمیت دیگر مختلف محکموں کی جانب سے کے گئے اقدامات اور حکومت پنجاب کی جانب سے دیے گئے اہداف بارے پوچھا۔ اجلاس میں ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا، انہوں نے آن لائن پورٹل پر تفصیلات کو چیک کیا، اس موقع پر مختلف محکموں کے افسران نے اپنی اپنی کارکردگی بارے بتایا، جس پر انہوں نے مزید بہتری لانے اور اہداف کے مطابق کام کرنے کی ہدایات دیں۔ اجلاس میں انسداد کورونا اقدامات، انسداد ڈینگی، پولیو مہم سمیت دیگر صحت عامہ میں دی جانے والی سہولیات بارے بتایا ہے جبکہ اس موقع ڈی سی راؤ پرویر اخترنے ریونیو سے متعلق اجلاس میں کاموں کا تفصیلی ریویو حاصل کیا گیا، پرائس کنٹرول و دیگر اہدات بارے پوچھا۔ڈپٹی کمشنر نے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے، سرکاری سکولوں میں انتظامات مکمل کروانے، محکمہ مال کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے اور ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لئے ہدایات دیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلعی افسران نے شرکت کی۔
