خواتین کے عالمی دن کا مقصد خواتین کے خلاف ہر قسم کی تفریق کو ختم کرنے کی آگاہی دینا ہے

Spread the love

اپواء مانچسٹر کی چیر پرسن بیگم نازیہ طارق وزیر ( مسز قونصل جنرل مانچسٹر ) رپورٹ صابرہ ناہید مانچسٹر) نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن کا مقصد خواتین کے خلاف ہر قسم کی تفریق کو ختم کرنے کی آگاہی دینا ہے ۔ آپ جانتے ہیں کہ خواتین اس نظام ہستی کا اہم حصہ ہیں اور آپ نے دیکھا ہو گا کہ آج کے دور میں خواتین نہ صرف مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں بلکہ بعض اوقات تو وہ اپنی محنت اور لگن کی وجہ سے خواتین کی راہنمائی بھی کر رہی ہیں ۔ رہی بات حقوق کی تو خواتین کے حقوق کے مکمل حصول کے لئے اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ تعلیم نسواں کو عام کیا جائے ۔ کیونکہ اگر خواتین پڑھی لکھی ہوں گی تو ہمارا پورا معاشرہ بھی پڑھا لکھا ہو گا۔ میری دعا ہے کہ خواتین ہر میدان میں ترقی کریں آمین

اپواء مانچسٹر کی جنرل سیکرٹری بیگم نصرت احمد نے انٹرنیشنل ویمن ڈے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم تقریبا108 سال پہلے قائم کی گئی جس کا مقصد خواتین کے حقوق کے حوالے سے جد وجہد کرنا تھا۔ اس وقت سے اب تک یہ تنظیم عورتوں کے مساوی حقوق، عورتوں کی تعلیم،ویمن ایمپاورمنٹ، گھریلو زندگی کی کامیابی اور معاشی اور معاشرتی ترقی کے لئے مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہے۔بیگم نصرت احمد نے کہا کہ موجودہ دور کی خواتین کے لئے میرا یہ پیغام ہے کہ وہ غربت کو ختم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ اپنے بچوں کی صحیح تربیت کریں ۔ یہ دوستی کا دن ہے لہذا وہ ہر میدان میں نادار اور ضرورتمند خواتین کی مدد کرنے کے لئے پیش پیش رہیں۔ انھوں نے یہ بھی التجا کی کہ کوڈ اس دور میں ایس او پیز پر عمل کریں اور جی پی کی ہدایت کے مطابق ویکسین کروائیں۔

جوائنٹ سیکرٹری اپواء بیگم در شہوار دادا کا انٹرنیشنل ویمن ڈے کے حوالے سے کہنا ہے کہ قدرت نے عورت کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ اگر وہ اپنی ان صلاحیتوں کا درست استعمال کرے تو وہ بڑے سے بڑے پہاڑ کو سر کر سکتی ہے۔ عورت کے کئی روپ ہیں اور اپنے ہر روپ میں اس نے اپنا کردار نبھایا ہے اگر وہ ماں ہے تو جنت ہے جو بچوں کی تعلیم و تربیت پر بھر پور توجہ دے کر انھیں قابل انسان بناتی ہے ۔ عورت اگر بیٹی کے روپ میں ہے تو رحمت ہےجو والدین کی خدمت کرتی ہے ۔ بہن کے روپ میں ہے تو محبت کی بہترین مثال ہے بیوی کے روپ میں ہے تو وفا شعار ہے ۔ غرض کہ عورت ہر روپ میں مثالی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل ویمن ڈے منانے کامقصد ہی یہی ہے کہ خواتین کو وہ تمام مراعات دینا ہونگے جو ان کا حق ہے تمام شعبہ جات میں تقرری صنفی بنیاد کی بجائے کارکردگی کی بنیاد پر کرنا چاہیے۔ قیام پاکستان کے بعدبیگم رعنا لیاقت علی خان کی سربراہی میں اپواء نے خواتین کے حقوق اور ان کی سر بلندی کے نمایاں کردار ادا کیا۔ اپواء نے عورت کو معاشرے میں ایک طاقتور اکائی بنانے میں ایک تاریخی کردار ادا کیا ہے ۔

بیگم رضیہ بالم ایگزیکٹو ممبر اپواء کا کہنا ہے کہ ہم ہر سال 8 مارچ کو خواتین کے انٹرنیشنل حقوق کا دن بڑے جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔ جس میں خواتین کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کیا جاتا ہے ۔ اس معاشرے میں عورت ایک فولادی اہمیت کی حامل ہے اور اپنی بے مثال صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پوری دنیا میں اپنا لوہا منواتی ہے۔ اپواء مانچسٹر کی ممبر ہونے کی حیثیت سے میں یہ پیغام دینا چاہوں گی کہ خواتین اس بات کی حقدار ہیں کہ پوری دنیا میں انھیں عزت و احترام سے نوازا جائے اور کسی بھی میدان میں عورت کی تضحیک نہ کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں