جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاقدیر بیگ)جہلم ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 44 افراد جاں بحق اورساڑھے 3 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ادھر پنجاب حکومت نے 6 اضلاع میں جمعہ اور ہفتے کو مارکیٹیں بند کرنے کا حکم دیدیا ہے جبکہ کورونا وبا پر کنٹرول کیلئے مزید اقدامات کے حوالے سے این سی او سی کا اہم اجلاس ہوگا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے بتایا گزشتہ روز ملک میں مزید3667 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 26 ہزار 802 ہوگئی ہے۔تاہم گزشتہ روز 2092 مریض صحت یاب بھی ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 81 ہزار 852 ہوگئی اور 31 ہزار 107 فعال کیسز رہ گئے ہیں، جن میں سے 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ جبکہ وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 13 ہزار 843 ہوگئی ہے۔ ادھر پنجاب میں مسلسل دوسرے روز بھی 2 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق کورونا سے لاہور میں 20 اور صوبہ بھر میں مزید 30مریض جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 2090نئے کیسز کے ساتھ تعداد197177ہو گئی اور لاہورمیں مزید 1236 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق گزشتہ روز مثبت کیسز کی شرح 8.7تک پہنچ گئی۔ جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر کا بھی کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا ہے جس پر انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے مارکیٹس بند رکھنے کے شیڈول میں تبدیلی کردی۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی، جہلم،شیخوپورہ،چنیوٹ،خانیوال اور ڈیرہ غازی خان میں مارکیٹس اتوار کو کھلی رکھنے کی اجازت ہوگی، تاہم ان اضلاع میں جمعہ، ہفتہ کو مارکیٹس بند رکھی جائیں گی۔اسی طرح ان اضلاع میں مارکیٹس صوبہ بھر میں نافذ کیے گئے احکامات کے مطابق 6 بجے ہی بندہوں گی۔حکومت پنجاب کے مطابق لاہور سمیت دیگر اضلاع میں بازار بدستور ہفتہ اور اتوار کو ہی بند ہونگے۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں عوامی اجتماعات اور سیاحتی مقامات پر پابندی عائد کردی گئی۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے دفتر سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کوئٹہ نے عوامی اجتماعات اور سیاحتی ریزورٹ پر پابندی عائد کردی ہے۔ جبکہ تحریک انصاف نے ملک بھر میں اپنے عوامی اجتماعات منسوخ کر دئیے،ذرائع کے مطابق کسی قسم کا جلسہ ریلی یا عوامی اجتماع نہیں ہو گا۔ اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے کوویڈ کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ہسپتالوں کی استعداد بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور کے تمام بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی تعداد میں ا ضافہ کیا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں لاہور میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ دریں اثنا وفاقی وزیر اسد عمر نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ کورونا کی یہ نئی قسم تیزی سے پھیلنے والی اور زیادہ مہلک ہے، جبکہ لوگوں کی طرف سے مزاحمت کی وجہ سے پابندیوں پر عمل در آمد نہایت مشکل ہو رہاہے۔ احتیاطی تدابیرنہ اختیارکرنے سے حالات خراب ہو سکتے ہیں۔ پابندیاں صوبوں کی مشاورت سے مزید سخت کی جاسکتی ہیں۔ادھر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ٹویٹ کیا ہے کہ تیسری لہر سنگین ہے۔ تمام صوبائی وزرائے تعلیم اور صحت بدھ 24 مارچ کو این سی او سی میں ملاقات کریں گے۔ جس میں تعلیمی اداروں کو کھولنے یا مزید بند کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔
