گزشتہ سال 20 ہزار کے قریب امریکی فوجیوں کو اپنے ساتھی فوجیوں کی طرف سے جنسی زیادتی کے حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے

Spread the love

ان 20 ہزار امریکی فوجیوں میں مرد و خواتین دونوں شامل ہیں۔

نیو یارک(انٹرنیشنل ڈسک)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکہ کی مسلح افواج میں کیے گئے تازہ ترین سروے میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ گذشتہ سال 20 ہزار کے قریب امریکی فوجیوں کو اپنے ساتھی فوجیوں کی طرف سے جنسی زیادتی کے حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔جنسی حملوں کا سامنا کرنے والے اِن 20 ہزار امریکی فوجیوں میں مرد اور خواتین دونوں شامل ہیں غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی وزارتِ دفاع پینٹاگون میں ایک حالیہ پریس بریفنگ میں امریکہ کی فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف مارک میلی نے یہ انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ امریکہ کے فوجیوں کی مجموعی تعداد کا تقریباً ایک فیصد بنتا ہے۔
اس پریس بریفننگ میں امریکہ کے وزیر دفاع لائیڈ آسٹن بھی موجود تھے۔ چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف نے کہا کہ امریکی فوج کو اس مسئلے کا کئی برس سے سامنا ہے اور اس بارے میں کئی اقدامات اٹھائِے گئے لیکن وہ کارگر ثابت نہیں ہوئے۔مارک میلی نے کہا کہ ’بیس ہزار ایک بڑی تعداد ہے اور ہم اس کو برداشت نہیں کر سکتے۔ یہ حملے ہیں۔ یہ ’بلیو آن بلیو‘ یعنی نیلی وردی والوں کے نیلی وروی والوں پر حملے ہیں۔
یہ نہیں چل سکتا اس کو حل ہونا ضروری ہے۔‘انھوں نے بتایا کہ اس بارے میں ایک کمیشن کام کر رہا ہے جو کئی زاویوں سے اس پر غور کر رہا ہے۔ مارک ملی نے کہا کہ کمیشن کی سفارشات میں سب سے زیادہ ضروری جوابدہی ہے۔انھوں نے کہا کہ وزیر دفاع چاہتے ہیں کہ دفاع سے متعلق تمام اعلیٰ عہدیداران اور ذمہ داران، مسلح افواج کے سیکریٹری اور سروس چیف ان سفارشات پر غور کریں اور ان کے ساتھ اس بارے میں گفتگو کریں۔ان واقعات کے سدِباب کے لیے ایک تجویز یہ بھی دی گئی ہے کہ جنسی حملوں کا ارتکاب کرنے والے فوجیوں کے مقدمات کی سماعت ان کے سینیئر افسران کی بجائے دوسرے افسران یا ’چین آف کمانڈ‘ سے باہر کروائی جائے۔مارک ملی نے کہا کہ ذاتی طور پر انھیں اس تجویز پر کوئی اعتراض نہیں کہ ایسے معاملات کو ’چین آف کمانڈ‘ سے باہر نمٹایا جائے۔انھوں نے کہا کہ وہ اس بارے میں اس وقت تک حتمی طور پر کچھ نہیں کہیں گے جب تک کہ نظرثانی کمیشن کی رپورٹ سامنے نہیں آ جاتی۔
مارک ملی نے کہا کہ وزارتِ دفاع اور سروسز نے بہت کچھ کر کے دیکھ لیا لیکن صورتحال میں بہتری نہیں آ رہی۔ کمیشن کے طریقہ کار کے بارے میں انھوں نے کہا کہ اب وہ شواہد کو بنیاد بنا کر حتمی سفارشات مرتب کر رہا ہے جس سے صورتحال میں تبدیلی آئے گی۔امریکہ کی فوج کے جوائنٹ چیف آف سٹاف نے یہ بھی کہا کہ سروے سے ایک اور مایوس کن بات سامنے آئی ہے اور یہ ہے کہ فوجی اپنے سے اوپر والے افسروں پراعتماد کھو رہے ہیں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں