حکومت نے آئندہ بجٹ میں بیرونی قرض کی ادائیگیوں کیلئے 5 ارب ڈالرز سے زائد مختص کرنے پر غور شروع کر دیا۔
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق ملک کے بیرونی قرض کی ادائیگی میں مسلسل اضافہ، مالی سال کے صرف 6ماہ میں 47 فیصد قرض اور سود ادا کیا گیا، حکومت نے آئندہ بجٹ میں بیرونی قرض کی ادائیگیوں کیلئے 5 ارب ڈالرز سے زائد مختص کرنے پر غور شروع کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے بیرونی قرض اور سود کی ادائیگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔آئندہ بجٹ میں بیرونی قرض اور سود کی ادائیگیوں کے لئے 5 ارب ڈالرز سے زائد مختص کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ غیر ملکی کمرشل بینکوں کو ادائیگیوں میں تاریخی اضافہ ریکارڈ ہوا ہے،مالی سال کے 6ماہ میں غیر ملکی کمرشل بینکوں کو 47 فیصد قرض اور سود ادا کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جولائی سے دسمبر تک غیر ملکی کمرشل بینکوں کو ایک ارب 60 کروڑ ڈالرز کی ادائیگی کی گئی،کمرشل بینکوں کو ایک ارب 43 کروڑ ڈالرز کا قرض واپس کیا گیا اس دوران کمرشل بینکوں کو 17 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کا سود بھی ادا کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق 6ماہ میں بیرونی قرض اور سود کی مد میں 3 ارب 39 کروڑ ڈالرز کی ادائیگی کی گئی ۔بیرونی قرض کی مد میں دو ارب 68 کروڑ ڈالرز کی ادائیگی جبکہ قرض پر سود کی مد میں 71 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کی ادائیگی کی گئی۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومت نے ایک روپیہ قرض واپس نہیں کیا، 13ہزار ارب قرض بڑھادیا، قرض 25 ہزار ارب سے بڑھ کر 38ہزار ارب ہوچکا ہے، رواں سال بجٹ خسارہ 4ہزار ارب ہوجائے گا،عمران خان کی موجودگی میں پاکستانی معیشت آگے نہیں بڑھ سکے گی۔ن لیگی رہنماؤں احسن اقبال اور مفتاح اسماعیل مشترکہ پریس کانفرنس کررہے تھے، مفتاح اسماعیل نے کہا کہ قوم سکول، ہسپتال اور سڑکوں سے بنتی ہیں، جب نوازشریف تھے تو لوگوں کو روزگار ملتا تھا، شفاء اور تعلیم ملتی تھی، عمران خان کہتے ہیں نوازشریف کے قرضے اتارنے کیلئے قرض لیا ہے میں ڈبیٹ کرنے کو تیار ہوں کہ عمران خان کی حکومت نے 13ہزار ارب قرض بڑھایا ہے، عمران خان کی حکومت نے ایک روپیہ قرض واپس نہیں کیا، 25ہزار ارب مسلم لیگ ن قرض چھوڑ کرگئی تھی آج 38ہزار ارب قرض ہوچکا ہے۔
پیپلزپارٹی جب چھوڑ کرگئی تھی تو 14ہزار ارب قرض تھا، ٹیکس 19سو ارب ملتے تھے، ہم نے ٹیکس کو دوگنا کیا، اور قرضہ ڈبل نہیں کیا ، عمران خان کو ہم ترقی یافتہ پاکستان دیا تھا، پاکستان کو 5.5فیصد گروتھ اور 3.3فیصد مہنگائی کی شرح پر چھوڑ گئے تھے۔ ہمارے پانچ سالوں میں بجٹ خسارہ 1600ارب تھا، عمران خان کے تین سالوں میں بجٹ خسارہ 32 سو ارب ہے ، اس سال بجٹ خسارہ 4 ہزار ارب ہوجائے گا۔یومیہ 150ارب خسارہ ہے۔ عمران خان نے پاکستان کو جتنا مقروض کردیا ہے، اس کی مثال نہیں ملتی۔پاکستانیوں کو مقروض کردیا، 50لاکھ لوگوں کوبے روزگار اور مہنگائی میں دھکیل دیا۔ جب تک عمران خان حکومت میں بیٹھا رہے گا ، پاکستانی معیشت آگے نہیں بڑھ سکے گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناکامی کی بڑی وجہ وسائل پیدا نہیں کیے۔ 50فیصد ترقیاتی بجٹ میں کٹ لگایا، ساڑھے 600 ارب کے بجٹ میں سوا300ارب بھی خرچ نہیں کرسکے۔
