جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیا ل عابد)جہلم سیگریٹ نوشی اور تمباکو نوشی کے ممکنہ نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے ماہرین صحت نے حکومت سے سیگریٹ، گٹکہ، سمیت تمباکو کے ہر قسم کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ماہر امراض دل کنسلٹنٹ ڈاکٹر ہمایوں اصغر چوہدری، ماہر امراض سینہ و دمہ کنسلٹنٹ ڈاکٹر حفیظ الرحمن کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں سالانہ لاکھوں لوگ تمباکو نوشی کیوجہ سے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو کر سسک سسک کر موت کی وادی میں چلے جاتے ہیں صرف پاکستان میں سالانہ 1 لاکھ شہریوں کی اموات تمباکو نوشی کیوجہ سے ہو رہی ہیں، تمباکو نوشی کی وجہ سے نوجوان نسل تباہ و برباد ہو رہی ہے، انہوں نے کہاکہ ایک اندازے کے مطابق صرف پاکستان میں روزانہ تقریباً 562 ملین روپے کا تمباکو سیگریٹ نوشی کے طور پرپھونک کرمعاشی بدحالی کا شکار ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مردوں میں پھیپھڑوں کے کینسر کی 90 فیصد اموات اور عورتوں میں 80 فیصد صرف تمباکو نوشی کی وجہ سے ہوتی ہے۔ امراض دل کنسلٹنٹ ڈاکٹر ہمایوں اصغر چوہدری، ماہر امراض سینہ و دمہ کنسلٹنٹ ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ پاکستان میں روزانہ 6 سے 15 سال کی عمر کے درمیان والے ہزاروں کی تعداد میں بچے تمباکو نوشی کرتے ہیں اور پاکستان کے کل مردوں میں تقریباً آدھے تمباکو نوشی کرتے ہیں۔
