جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاکفیل بیگ کیفی)جہلم انتظامیہ کی ملی بھگت سے شہر و گردونواح میں قصابوں کی من مانیا ں عروج پر۔بڑا گوشت 1 سو75 روپے اور چھوٹا گوشت ساڑھے 3 سو روپے فی کلو سرکاری نرخوں سے زائد قیمتوں پر فروخت ہونے لگا، چکن کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد بڑے گوشت سے بھی محروم ہوگئے، جبکہ سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کروانے کی بجائے انتظامی افسران گھگو گوڑے بیچ کر خواب خرگوش کے مزے لینے لگے، شہریوں کا ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق آسمان کو چھوتی ہوش ربا مہنگائی کی جاری لہر کے دوران جہاں پر غریب اور سفید پوش دیہاڑی دار طبقہ کے لئے دال روٹی کا حصول مشکل ترین ہوتا جا رہاہے اور عام آدمی کا جسم و جان سے رشتہ قائم رکھنا بھی جوئے شیر لانے کے مترادف ہوچکا ہے، شہر سمیت ضلع بھر میں انتظامیہ کی سرپرستی اور مبینہ ملی بھگت سے قصابوں نے من مانی کرتے ہوئے خود ساختہ نرخ مقرر کر کے بڑے گوشت کی سرکاری قیمت 425 روپے کی بجائے 600 روپے جبکہ چھوٹے گوشت کی سرکاری مقرر کردہ قیمت 850 روپے فی کلو کی بجائے 1200 روپے فی کلو وصول کرنی شروع کر رکھی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سفید پوش طبقہ کے زیر استعما ل بڑا گوشت تھا وہ بھی قصابوں کی طرف سے خود ساختہ قیمتوں میں اضافے کیوجہ سے دسترس سے باہر ہو گیا ہے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اورضلعی انتظامیہ منہ زور قصابوں کے خلاف ایکشن لینے اور سرکاری نرخناموں پر عمل درآمد کروانے کی بجائے گھگو گھوڑے بیچ کر ٹھنڈے کمروں میں خواب خرگوش کے مزے لوٹنے میں مصروف ہے، شہریوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے
