آزاد کشمیر حکومت نے الیکشن اور فوڈ سبسڈی کیلئے ساڑھے 7 ارب روپے کی گرانٹ مانگی تھی۔
میر پور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی وزارت خزانہ نے آزاد کشمیر انتخابات کیلئے فنڈز فراہم کرنے سے انکار کردیا، آزاد کشمیرحکومت نے الیکشن اور فوڈ سبسڈی کیلئے ساڑھے7 ارب روپے کی گرانٹ مانگی تھی، لیکن وفاقی حکومت نے فوڈ سبسڈی کیلئے صرف ڈیڑھ ارب دینے کی یقین دہانی کروائی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت خزانہ نے آزاد کشمیر میں عام انتخابات کیلئے حکومت کو فوری فنڈز دینے سے انکار کردیا ہے، وزارت خزانہ نے کہا کہ فی الحال آزادکشمیر حکومت کو صرف فوڈ سبسڈی کیلئے ڈیڑھ ارب روپے اضافی گرانٹ دی جائے گی۔جبکہ 6 ارب کے فنڈز فوری نہیں دے سکتے۔ آزاد کشمیرحکومت نے وفاق سے انتخابات کے انعقاد کیلئے ساڑھے 7 ارب روپے کی اضافی گرانٹ مانگی تھی۔ آزاد کشمیر حکومت کی درخواست میں اضافی فنڈز الیکشن 2021 اور فوڈ سبسڈی کیلئے مانگے گئے تھے۔ لیکن وفاقی حکومت نے فوڈ سبسڈی کے فنڈ دینے کی یقین دہانی کروائی جبکہ الیکشن کیلئے فوری فنڈز دینے سے متعلق جواب دیا کہ باقی رقم فوری نہیں دے سکتے۔
واضح رہے این سی او سی نے آزادکشمیر اسمبلی کے انتخابات دو ماہ کیلئے ملتوی کرنے کی سفارش کر دی ہے۔ انتخابات ملتوی کرنے کیلئے این سی او سی نے چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر کو مکتوب بھیج دیا۔این سی او سی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ستمبر 2021 تک آزادکشمیر کی ایک ملین آبادی کو ویکسینیشن کی جاسکتی ہے، انتخابات میں بڑے سیاسی اجتماعات کورونا وبا کو پھیلانے کا باعث بنیں گے۔این سی او سی کے مطابق آزادکشمیر میں پہلے بھی کورونا وائرس پھیلاو کا ریٹ زیادہ رہا ہے، جولائی کے مہینے میں انتخابات کا انعقاد کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاو کا باعث بن سکتا ہے ۔این سی او سی کی جانب سے مشورہ دیا گیا کہ آزادکشمیر میں دو ماہ کیلئے انتخابات کو ملتوی کیا جائے تاکہ آزادکشمیر کی اہل آبادی کو ویکسینیشن کی جا سکے۔ دوسری جانب وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ این سی او سی نے کشمیر حکومت کو کس حیثیت میں خط لکھا ،این سی او سی کہتا ہے کہ دوماہ کیلئے الیکشن ملتوی کئے جائیں ،یہ ضمنی الیکشن نہیں کیسے ملتوی ہوسکتے ہیں آپ خط لکھنے کون ہوتے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو کوئی اختیار بھی نہیں ہے یہ اختیار صرف کشمیر حکومت کا ہے۔
