جہلم انتظامیہ کی عدم توجہی،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس غیر فعال، اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو پر لگ گئے،

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاقدیر بیگ)جہلم انتظامیہ کی عدم توجہی،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس غیر فعال، اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو پر لگ گئے، دکانداروں کی لوٹ مار عروج پر، لاک ڈاؤن کے باعث بے روزگار اور غریب افراد کی پریشانیوں میں اضافہ ہو گیا، اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق ضلعی ا نتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث مصنوعی مہنگائی عروج پر ہونے کے ساتھ ہی گرانفروشوں کی چاندی ہوگئی ہے، جبکہ غریب سفید پوش طبقہ کے افراد کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگیا ہے،شہر و گردونواح کے دیہاتوں میں اشیاء خوردونوش کے نرخ آسمانوں سے باتیں کر رہے ہیں، سبزی،فروٹ و کریانہ کی اشیاء مقررہ نرخوں سے زائد قیمتوں پر فروخت کی جارہی ہیں،جنہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، انتظامیہ تحریری شکایات نہ ہونے کے بہانے کسی بھی گرانفروش کے خلاف کارروائیاں کرنے سے گریزاں ہے، اگرچہ سرکاری طور پر نرخ ناموں کو خانہ پری کے لئے جاری تو کر دیا جاتا ہے، لیکن اس پر عمل درآمد کروانے کے لئے کوئی حکمت عملی نہیں اپنائی جارہی، انتظامی افسران کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے غریبوں کو ہزاروں روپے جرمانے کرکے بری الذمہ ہوجاتے ہیں، لاک ڈاؤن کے باعث سفید پوش طبقہ جو پہلے ہی مالی پریشانیوں کا شکار ہو کر 2 وقت کی روٹی کو ترس رہاہے، مہنگائی کے باعث مزید مسائل کی گرداب میں پھنس چکا ہے، پھل،فروٹ، گوشت خریدنا عام آدمی کے لئے خواب بن کر رہ گیا ہے، کریانہ کی اشیاء، چنے،چاول، بیسن، دالیں اور دیگر اشیاء کے من مانے نرخ وصول کئے جارہے ہیں،شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنرسے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں