جہلم(چوہدری عابد محمود +رانانوید الحسن)جہلم پاکستان میڈیکل کمیشن کے کالے قوانین کو ختم کیاجائے، نان ڈاکٹر ز کا کمیشن میں کوئی کام نہیں ڈاکٹر تفسیر گوندل، بائیو میٹرک و فیس کے اضافے کو نامنظور کرتے ہیں، ڈاکٹر عبدالشکور ملک، ڈاکٹر برادری کے تحفظ کے لئے ہر قدم اٹھائیں گے۔ ڈاکٹر باسط، تفصیلات کے مطابق پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن جہلم کے صدر ڈاکٹر تفسیر گوندل، نائب صدر راولپنڈی ڈویژن ڈاکٹر شکور ملک اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر باسط سمیت دیگر سینئر ڈاکٹرز کے ہمراہ پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے مشترکہ طور پر موقف اختیار کیا کہ پی ایم ڈی سی کو ختم کرکے ایک آرڈیننس کے زریعے ہم پر پاکستان میڈیکل کمیشن کے کالے قوانین مسلط کئے جارہے ہیں، جس کیوجہ سے ہمارے پاس آگے ہی ڈاکٹرز کی کمی ہو رہی ہے اور مزید اس میں اضافہ ہو جائیگا۔ کیونکہ ایک طالبعلم جو ڈاکٹر بننے کے لئے 5 امتحانات پاس کرکے پہلے پی ایم ڈی سی سے لائسنس حاصل کر لیتا تھا، لیکن اب اس قانون کی وجہ سے طالبعلم کو پاکستان میڈیکل کمیشن میں دوبارہ امتحان دینا پڑے گااور جس میں وہ 70 فیصد نمبر لینے والے کو لائسنس جاری کیا جائیگا۔ جبکہ اس سے پہلے 50 فیصد نمبر حاصل کئے جانے والے کو پاس تصور کرتے ہوئے لائسنس جاری کر دیا جاتا تھا، اگر حکومت وقت نے یہی روش جاری رکھی تو ہمارے ملک کے نوجوان جو ڈاکٹر بننے کے خواہش مند ہیں وہ بیرون ملکوں کا رخ کریں گے۔اس موقع پر ڈاکٹر غفور ملک نے کہاکہ پرانے لائسنس ہولڈر ڈاکٹرز کو اب بائیو میٹرک کرنے کے بعد دوبارہ لائسنس جاری کرنے کا عندیہ دیا جا رہاہے اور ساتھ ہی فیس میں 3 گنا ہ اضافہ کر دیا گیا ہے اور ساتھ ہی اگر کوئی سینئر ڈاکٹر بائیو میٹرک نہیں کرتا تو اسے علاج معالجہ کرنے سے روک دیا گیا ہے۔پاکستان میڈیکل کمیشن میں نان ڈاکٹرزکو عہدوں سے نوازنہ بند کیا جائے کیونکہ کسی بھی شعبہ میں کام کرنے والے افراد ہی اس ادارہ اور تنظیم کے سربراہ بن سکتے ہیں، جبکہ نان پروفیشنل لوگ اگر اس شعبہ میں آئیں گے تو وہ لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہو جائیگا۔ آخر میں انہوں نے صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد، وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ پاکستان میڈیکل کمیشن کے کالے قوانین کو ختم کیا اور فرد واحد کو نوازنے کا قلعہ قمع کیا جائے تاکہ ہم ڈاکٹرز اپنے ملک کی بھرپور خدمت کر سکیں
